کوئٹہ کے نواحی علاقے مارواڑ کی کان میں پھنسے 6 کان کن دم توڑگئے،متاثرہ کان میں اب بھی 11 کان کن پھنسےہوئےہیں،جنہیں نکالنےکیلئےریسکیو آپریشن جاری ہے۔
وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے مطابق مارواڑ میں مقامی کول مائنز میں میتھین گیس بھر جانے سے دھماکا ہوا اور کان کا ایک حصہ بیٹھ گیا،متاثرہ کان میں کام میں مصروف کئی کان کن اندر پھنس گئے۔
انتظامیہ اور رسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو کا عمل شروع کردیا،چھ کان کن دم توڑ گئے،ان کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ کان میں ابھی تک 11 کان کن پھنسے ہوئے ہیں۔
کمشنر کوئٹہ ڈویژن جاوید انور شاہوانی کے مطابق ضلعی انتظامیہ سمیت امدادی ٹیمیں، ایف سی، لیویز اور پی ڈی ایم اے کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور متاثرہ کان میں پھنسے باقی کان کنوں کو نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
اس سے قبل متاثرہ کان میں پھنسے7 کان کنوں کو علاج کے لئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔