• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، سبزی منڈی کے قریب جھونپڑیاں جل گئیں ، بچہ ہلاک متعدد افرادزخمی

سکھر (بیورو رپورٹ) سبزی منڈی کے نزدیک جھونپڑیوں میں آگ لگ گئی ، ایک بچہ جاں بحق متعدد افرادزخمی ہوگئے جبکہ دس بکریاں جل کرمرگئیں۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے شدت اختیار کرلی اور قریبی کچے، پکے مکانات کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانا شروع کی ، اس دوران فائر برگیڈ کو بھی طلب کیا گیا، فائر برگیڈ کی چار گاڑیوں نے آگ بجھانے کا کام شروع کیا اور دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ فائر آفیسر حاجی محمد اسلام کے مطابق باگڑی برادری کہ جھونپڑیوں میں جوکہ کپڑے اور گھاس سے بنی ہوئی تھیں آگ لگ گئی جس کے باعث گھروں میں موجود تمام تر سازو سامان جل کرخاکسترہوگیا اور جھونپڑیاں بھی مکمل طور پر جل گئیں ، اس دوران بھگدڑ میں جھونپڑی میں 8سے دس سالہ بچہ رہ گیا جو آگ کی زد میں آکر جھلس کر جاں بحق ہوگیا، آگ نے قریبی بنگلے کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا ، آگ اتنی شدید تھی کہ اس کے شعلے دور تک پھیل گئے تھے، تاہم فائر برگیڈ نے سکھر، روہڑی سے گاڑیاں طلب کر کے ہنگامی بنیادوں پر آگ بجھانے کا کام شروع کیا اور ڈیڑھ سے دو گھنٹے میں آگ پر قابو پالیا گیا۔ آگ لگنے کی وجہ بجلی کی شارٹ سرکٹ بتائی جاتی ہے۔
تازہ ترین