کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے چیمپئنز ٹرافی کے لئے قومی کھلاڑیوں کے کیمپ کا تیسرا مر حلہ میزبان ملک ہالینڈ میں لگانے کا فیصلہ کیا جو اگلے ماہ کے شروع میں لگے گا جس میں شر کت کے لئے 22کھلاڑیوں کو بھیجا جائے گا، ابتداء میں فیڈریشن نےاس کیمپ کے لئے 18کھلاڑیوں کو لے جانے کا فیصلہ کیا تھا۔ جس میں 3 گول کیپرز، 5 پنالٹی کارنر کے ماہر بھی کیمپ کا حصہ ہوں گے۔ کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کو ہالینڈ کے گول کیپر ٹرینر، ملائیشیا کے فزیو تھراپسٹ اور آسٹریلوی فزیکل ٹرینر کی خدمات حاصل ہوں گی۔ کیمپ کے دوران ہی 18رکنی ٹیم کا حتمی اعلان بھی کیا جائے گا۔ آئندہ ماہ ہالینڈ کے شہر بریڈا میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑی ان دنوں ایبٹ آباد کے فٹنس کیمپ میں ٹریننگ کر رہے ہیں۔ 15 مئی تک شیڈول کیمپ صرف کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر بنانے کیلئے لگایا گیا ہے جبکہ کیمپ کا دوسرا مرحلہ عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا جس میں کھلاڑیوں کو خصوصی پریکٹس کرائی جائے گی۔