• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مری بائیکاٹ مہم زور پکڑ گئی،کمشنر راولپنڈی کی ڈپٹی کمشنر کو اقدامات کرنے کی ہدایت

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) سیاحوں کی جانب سے مری کے بائیکاٹ کی مہم سوشل میڈیا پر زور پکڑ گئی ہے جس کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر راولپنڈی ڈویژن ندیم اسلم چوہدری نے اینٹی مری مہم کے سدباب کیلئے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق اگست 2017ء میں مری میں سیاحوں کی ایک فیملی کے ساتھ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تھا جس کا پولیس نے مقدمہ بھی درج کر لیا تھا لیکن اسکے بعد مری کے بائیکاٹ کی مہم شروع کر دی گئی تھی جو آج کل زور پکڑ چکی ہے۔ اس مہم کو روکنے اور سیاحوں کا اعتماد بحال کرنے کیلئے گزشتہ ماہ کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور آر پی او وغیرہ نے مری کا دورہ کرکے مری کے ہوٹل مالکان، تاجروں اور دیگر نمائندہ افراد سے میٹنگ کی تھی۔ اس میٹنگ میں فیصلہ ہوا تھا کہ مری میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ ہو گی۔ پولیس کی اضافی نفری تعینات اور سیاحوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ہرممکن سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ تاہم اسکے باجود مری بائیکاٹ کی مہم ختم نہیں ہو سکی بلکہ مزید زور پکڑ گئی۔ ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ مری بارے مثبت پہلو اُجاگر کرنے کیلئے سوشل میڈیا پر باقاعدہ مہم شروع کی جائے۔
تازہ ترین