• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کہیں بھی ہوں خلائی مخلوق اس کا حصہ ہوتی ہے، خورشید شاہ

سکھر (بیورو رپورٹ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ نگراں وزیر اعظم کا نام 15مئی تک سامنے آجائیگا‘نئی حلقہ بندیوں پر کام ہورہا ہے، الیکشن وقت پر ہونگے‘پاکستان یا دنیا میں کہیں بھی الیکشن ہوں تو خلائی مخلوق الیکشن کا حصہ ہوتی ہے، سائنسدان بھی کہتے ہیں کہ خلائی مخلوق موجود ہے مگر دکھائی نہیں دیتی‘فاروق ستار بوکھلاہٹ کا شکار ہے‘ اس کی پارٹی خود اسے قبول نہیں کررہی‘پپو‘ پاپا‘ پھپھو پارٹی کہنے والا بے چارہ خود کسی کا پپی ہے‘ لندن والے کو انہوں نے خود مائنس کیا‘اب ہمیں کیوں کہتے ہیں‘سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں ہوتی ‘کل کا دشمن آج کا دوست بن سکتاہے ۔ وہ اتوار سکھر میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے‘سید خورشید احمد شاہ نے کہاکہ آپ فکر نہ کریں، 15یا 16مئی کو نگراں وزیر اعظم کا نام سامنے آئیگا، نگراں وزیر اعظم وہ ہوگا جسےایڈمنسٹریشن کا تجربہ ہوگا اور وہ پاکستان کے عوام کو منظور ہوگا‘ابھی نام اس لئے نہیں بتارہا کہ میڈیا اس کا حشرنشر کردیگا، 3نام سامنے آئے تھے جن میں سے 2کے ساتھ میڈیا نے کیا کیا، کسی کو پرویز مشرف اور کسی کو ضیاء الحق کے ساتھ دکھایا‘ میڈیا سے بچانے کے لئے فی الحال نام نہیں بتارہا‘ان کا کہناتھاکہ سیاست میں بعید نہیں کہ کب کیا ہوجائے‘ سیاست میں نہ تو کوئی آخری دشمن ہوتا ہے اور نہ ہی کوئی آخری دوست ہوتا ہے‘یہ حالات پر منحصر ہوتا ہے کہ کب کیا ہونا چاہیے۔
تازہ ترین