لاہور (خالد محمود خالد)پاکستان کے سابق صدر اور ریٹائرڈ آرمی چیف جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کی آئی ایس آئی نے جیش محمد اور لشکر طیبہ کے لوگوں کو تربیت دی تھی۔ایک بھارتی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے جنرل مشرف نے کہا کہ حافظ محمد سعید پاکستان کے ہیرو ہیں کشمیر میں آزادی کی جنگ لڑنے والے پاکستان کے ہیرو ہیں جبکہ مولانا مسعود اظہر ایک دہشت گرد ہے اس نے مجھ پر بھی حملہ کیا اور مختلف دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث رہا۔انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کے خلاف کارروائی میں مصروف ہیں۔جب مشرف سے پوچھا گیا کہ اگر وہ اقتدار میں ہوتے تو مسعود اظہر کے خلاف کیا اقدامات کرتے تو انہوں نے جواب دیا کہ مجھے اقتدار مل گیا تو آپ دیکھیں گے کہ اس کے خلاف کیا کارروائی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے قبضہ میں ہونے کے باعث ڈیوڈ ہیڈ لی نے جو بیانات دیئے ہیں ان کے حوالے سے وہ کچھ نہیں کہہ سکتے اور نہ ہی ان پر یقین کر سکتے ہیں جب کسی بھی شخص کو انٹیلی جنس اداروں کے حوالے کر دیا جائے تو اس سے کسی بھی طرح کا اور اپنی مرضی کا بیان دلوایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوڈ ہیڈلی سے پاکستانی ایجنسیوں کو تفتیش کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی پھیلا رہا ہے جبکہ الزام پاکستان کو دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پاس پاکستان میں ہونے والے دھماکوں میں را کے ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ لشکر طیبہ دہشت گردی میں ملوث نہیں ہے۔مشرف نے کہا کہ پاکستانی فوج امن کے عمل میں دو سو فیصد آن بورڈ ہے۔