لاہور کے سروسز اسپتال میں زیر علاج وزیر داخلہ احسن اقبال کو آئی سی یو سے پرائیویٹ کمرے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ احسن قبال نارووال میں مسلم لیگ نون کے جلسہ سے خطاب کرکے واپس جارہے تھے کہ ان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا، انہیں بازو اور پیٹ میں گولیاں لگی تھیں تاہم اسپتال ذرائع نے ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی ہے اور اب انہیں آئی سی یو سے پرائیویٹ کمرے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ کمرے کو ہی آئی سی یو قرار دے دیا گیا ہےجبکہ کمرے میں منتقل کرنے کا مقصد احسن اقبال کو انفیکشن سے بچانا ہے۔
دوسری جانب عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید دورہ لندن ملتوی کر کے نجی پرواز کے ذریعے لاہور ائیر پورٹ پہنچےجہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احسن اقبال پر ہونے والی فائرنگ کا واقعہ تلخ ہے.
وزیر داخلہ پر فائرنگ اور دوسرے واقعات سے ملک خانہ جنگی کی طرف بڑھتا دکھائی دے رہا ہے ،ایسے ایک دو اور واقعات ہوگئے تو الیکشن ملتو ی ہوسکتے ہیں،تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن تک ماحول ٹھنڈا رکھنا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کو اب سمجھ آئی ہے کہ وہ کس سمت میں جارہے ہیں ایسے میں جلسے کر نے کا حق وہ رکھتے ہیں اور انہیں مزید جلسے کرنے بھی چاہیے۔