راولپنڈی (نمائندہ جنگ) نیب راولپنڈی نے کرپشن کے دو ریفرنسز عدالت میں دائر کرنے کی منظوری دیدی۔ ترجمان نیب کے مطابق ایک ریفرنس سروسز کوآپریٹو سوسائٹی ای الیون کی سابق انتظامیہ کیخلاف دائر کرنے کی منظوری دی گئی، اس ریفرنس کے مطابق سوسائٹی کی سابق انتظامیہ عبدالرزاق میمن، محمد رمضان، ضیاء بھٹی، محمد جاوید اعوان، شاہد عزیز، خواجہ منظور احمد اور دیگر پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال اور ملی بھگت کرتے ہوئے سوسائٹی کے دس کمرشل پلاٹ من پسند لوگوں کو الاٹ کئے۔ دوسرا تتمہ ریفرنس وزارت کامرس ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی کے ٹھیکیدار راجہ محمد اسحاق، محمد سلیمان اور محمد ابراہیم کیخلاف دائر کرنے کی منظوری دی گئی، ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے سوسائٹی میں ہونے والے ترقیاتی کاموں میں بڑے پیمانے پر گھپلے کئے تھے، ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی نے کہا ہے کہ کرپشن کیخلاف مہم جاری رہے گی۔