کوئٹہ(سٹی ڈیسک)مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ، اللہ داد ترین، سید قیوم آغا، انجمن تاجران پشین کے صدر ملک اشرف ترین، سید عبدالباری آغا، حاجی عبدالحکیم خاکسار، نعمت اللہ، ہدایت آغا، حاجی شاہ جہان ترین نے صوبائی حکومت اور متعلقہ عسکری اداروں پی ٹی اے حکام سے ضلع پشین میں تھری جی ، فور جی کو فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ دور میں انٹرنیٹ زندگی کی ضرورت کا اہم ترین حصہ بن گیا ہے مگر دور جدید میں ضلع پشین کے عوام گزشتہ ڈیڑھ سال سے اس سہولت سے محروم ہیں جس کی وجہ سے تاجر برادری اور بالخصوص طالب علم مشکلات کاشکار ہیں اور ان کی تجارتی اور عملی سرگرمیاں بُری طرح متاثر ہورہی ہیں بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ سیف سٹی پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب میں مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے ترجمان اللہ داد ترین نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کمشنر کوئٹہ سمیت دیگر متعلقہ حکام کی توجہ ضلع پشین میں تھری جی،فور جی کی بندش کی جانب مبذول کراتے ہوئے ان سے پشین میں تھری جی، فور جی کی بحالی کامطالبہ کیا اس سے پہلے بھی عبدالرحیم کاکڑاور اللہ داد ترین نے کمشنر کوئٹہ سے اس سلسلے میں ملاقاتیں کی ہیں بیان میں مطلوبہ سہولت کو فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے مرکزی انجمن تاجران بلوچستان پہلے بھی بارہ مئی تک کی ڈیڈ لائن دے چکی ہے اگر بارہ مئی تک انٹرنیٹ کی سہولت بحال نہ ہوئی تو اجلاس طلب کرکے آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کیا جائیگا۔