کراچی کے علاقے لیاری کلاکوٹ میں مبینہ پولیس مقابلے میں 3 گینگ وار ملزمان ہلاک ہو گئے،ان سے اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد ہوئے ہیں۔
کراچی کے علاقے کلاکوٹ میں غریب شاہ مزار کے قریب مسلم لیگ ن ساؤتھ کے نائب صدر عقیل رحمانی کے گھرپر گینگ وار ملزمان نے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں عقیل رحمانی کو 6 گولیاں لگیں۔انہیں تشویش ناک حالت میں نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
حملہ آوروں پر عقیل کے گارڈز نے بھی جوابی فائرنگ کی جس سے حملہ آور اسد اور عثمان زخمی ہوگئے، بھاگنے کی کوشش کے دوران عوام نے پکڑنے کی کوشش کی تو ملزمان نے ان پر دستی بم سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں راہگیر عمران زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق حملہ آور ملزم اسد اور عثمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
عقیل رحمانی پر زاہد لاڈلہ کا یہ آٹھواں حملہ تھا،اس سے قبل ہونے والے حملوں کے مقدمات کلالوٹ تھانے میں درج ہیں جن میں زاہد لاڈلہ نامزد ملزم ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے کلاکوٹ میں سرچ آپریشن کیا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین ملزمان ہلاک ہوگئے ، فوری طور پر ملزمان کی شناخت نہیں ہوسکی۔ ہلاک ملزمان کے عقیل رحمانی پر حملے میں ملوث ہونے کو پولیس ثابت نہیں کرسکی۔