• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
, ,

قبر پکی کرنے سے کیا مراد ہے اوراس کا شرعی حکم کیا ہے ؟

قبر پکی کرنے سے کیا مراد ہے اوراس کا شرعی حکم کیا ہے ؟

تفہیم المسائل

سوال:قبر پکی کرنے سے کیا مراد ہے اوراس کا شرعی حکم کیاہے ؟(قاضی محمد اشرف،کراچی)

جواب:قبر اندر سے کچی ہونی چاہیے ،حقیقۃً قبر کچے گڑھے کا نام ہے ،قبر کے اندر پکی اینٹیں لگانا مکروہ ہے ۔تنویر الابصار مع الدرالمختار میں ہے :ترجمہ:’’ قبرپر کچی اینٹیں اور بانس چن دے ،پکی اینٹیں اورلکڑی اس کے گردنہ لگائے ،اوپر ہوتو مکروہ نہیں ‘‘۔اس کی شرح میں علامہ ابن عابدین شامی لکھتے ہیں: ترجمہ:’’حلیہ میں کہا:’’ علماء نے پکی اینٹوں اورلکڑی کے تختوں کو مکروہ کہاہے اورامام تمر تاشی نے فرمایا: یہ اُس وقت ہے جب میت کے اردگرد ہو اور اگر اس کے اوپر ہوتو مکروہ نہیں ،اس لیے کہ یہ درندوں سے حفاظت کا ذریعہ ہوگا ۔مشایخ بخارا نے فرمایا: ہمارے شہروں میں پکی اینٹیں مکروہ نہیں ہیں کیونکہ زمین کمزور ہونے کی وجہ سے اس کی ضرورت ہے ،(جلد5،ص:344-345،دمشق)‘‘۔

یعنی اگر قبر کی جگہ کی زمین کچی ہو اور قبر کے بیٹھ جانے کا اندیشہ ہوتو قبر کی حفاظت کے لیے پکی اینٹیں استعمال کی جاسکتی ہیں ۔امام احمد رضا قادریؒ لکھتے ہیں: ’’قبر پختہ بنانے میں حاصل ارشاد علمائے امجادؒ یہ ہے کہ اگر پکی اینٹ میّت کے متصل یعنی اس کے آس پاس کسی جہت میں نہیں کہ حقیقۃً قبر اسی کا نام ہے، بلکہ گڑھا کچّا اور بالائے قبر پختہ ہے تو مطلقاً ممانعت نہیں، یہاں تک کہ امامِ اَجلّ فقیہِ مُجتہِد اسمٰعیل زاہدی نے خاص لحد میں پکی اینٹ پر نَصّ فرمایا ،جبکہ کچّے چوکے کی تَہ ہواور اپنی قبر مبارک میں یوںہی کرنے کی وصیت فرمائی او رمتصل میّت ممنوع مکروہ ، مگر جبکہ بضرورت تری ونرمی زمین ہو، تو ا س میں بھی حرج نہیں‘‘۔امام احمد رضا قادریؒ سے سوال ہوا :’’قبر کا پختہ کرانا بہتر ہے یا نہ کرانا؟ اگر پختہ بنانا بہتر ہے تواس کی تعمیر میں کن خاص اور ضروری باتوں کا لحاظ رکھنا چاہئے، مثلاً طول عرض بلندی اورصورت وغیرہ‘‘۔آپ نے جواب میں لکھا: ’’ قبر پختہ نہ کرنا بہتر ہے ، اور کریں تو اندر سے کڑا کچا رہے، اوپر سے پختہ کرسکتے ہیں، طول وعرض موافق قبرمیّت ہو اور بلندی ایک بالشت سے زیادہ نہ ہو اورصورت ڈھلوان بہتر ہے، واﷲتعالیٰ اعلم،(فتاویٰ رضویہ ، جلد9،ص:421-425)‘‘۔

اپنے مالی وتجارتی مسائل کے حل کے لیے ای میل کریں۔

tafheem@janggroup.com.pk

تازہ ترین
تازہ ترین
تازہ ترین