کراچی(جنگ نیوز)پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ نواز شریف پارلیمنٹ کا حصہ نہیں لیکن چاہتے ہیں پارلیمنٹ انہیں بچائے، اصغر خان کیس فیصلے پر عملدرآمد سے ووٹ کو عزت دو کے نعرے کی حقیقت کا پتہ چل جائے گا، چیف جسٹس کی طرف سے مانیٹرنگ کوئی بری بات نہیں ہے۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہی تھیں۔ پروگرام میں وفاقی وزیر تعلیم بلیغ الرحمن اور تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر بھی شریک تھے۔وفاقی وزیر تعلیم بلیغ الرحمن نے کہا کہ نیب کا ثبوتوں کے بغیر محض اخباری خبر کی بنیاد پر پریس ریلیز دینا قبل از انتخابات دھاندلی ہے، ورلڈ بینک کی رپورٹ میں منی لانڈرنگ یا نواز شریف کا ذکر نہیں ہے،شاہد خاقان عباسی ایئر بلیو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیں نہ کبھی رہے ہیں۔ اسد عمر نے کہا کہ نیب قانون کے مطابق کسی خبر پر ازخود نوٹس لے سکتا ہے،ایسا کیا عجوبہ ہوگیا کہ وزیراعظم کہہ رہے ہیں کہ قبل از وقت دھاندلی اور سازش ہورہی ہے، نواز شریف کو اعتراض خلائی مخلوق پر نہیں بلکہ یہ ہے کہ خلائی مخلوق ان کیلئے کام کیوں نہیں کررہی۔ شازیہ مری نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے پاناما کا حل پارلیمنٹ کے بجائے عدلیہ میں تلاش کرنا بہتر سمجھا، نواز شریف پار لیمنٹ کا حصہ نہیں لیکن چاہتے ہیں پارلیمنٹ انہیں بچائے، نواز لیگ سے شکوہ ہے کسی اور کے ساتھ غلط ہوتو انہیں پرابلم نہیں ہوتا، یوسف رضا گیلانی کیخلاف فیصلے کے بعد ن لیگ نے بہت زور شور سے استعفے کا مطالبہ کیا تھا، نواز شریف کو جہاں سے پسند کا فیصلہ ملے گا اسے تسلیم کرلیں گے۔ شازیہ مری کا کہنا تھا کہ اصغر خان کیس فیصلے پر عملدرآمد جمہوریت کے حق میں ہونا چاہئے، اصغر خان کیس فیصلے پر عملدرآمد سے ووٹ کو عزت دو کے نعرے کی حقیقت کا پتہ چل جائے گا، سنگین الزامات کے باوجود نواز شریف اور شریف خاندان کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا گیا، شرجیل میمن ملک سے باہر تھا مگر اس کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا تھا، پیپلز پارٹی اور ن لیگ پر قانون الگ الگ طریقے سے نافذ کیا جاتا ہے، بینظیر بھٹو شہید کے قتل میں ملوث لوگوں کو رہا کرنے سے زیادہ افسوسناک فیصلہ نہیں دیکھا۔شازیہ مری نے کہا کہ چیف جسٹس کی طرف سے مانیٹرنگ کوئی بری بات نہیں ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے پانی اور اسپتالوں کے معاملہ پر عدالت سے گائیڈنس مانگی تھی، چیف جسٹس نے جناح اسپتال کی انتظامیہ کو سراہتے ہوئے چیک بھیجا تھا۔بلیغ الرحمن نے کہا کہ نیب کا ثبوتوں کے بغیر محض اخباری خبر کی بنیاد پر پریس ریلیز دینا قبل از انتخابات دھاندلی ہے، الیکشن کے قریب اس طرح کی پریس ریلیز تعصب کا مظاہرہ ہے، نہ ثبوت مانگے گئے نہ ورلڈ بینک سے رپورٹ مانگی گئی اور نوٹس لے لیا گیا، نیب کے علاوہ دیگر جگہوں پر بھی کرپشن کے نام پر ایسی چیزیں دیکھنے میں آرہی ہیں، نواز شریف نے کرپشن کی ہوتی تو ان کیخلاف اقامہ کے بجائے کرپشن پر فیصلہ آتا، کرپشن کی آڑ میں نواز شریف کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔ بلیغ الرحمن کا کہنا تھاکہ ورلڈ بینک نے بھی نیب کی پریس ریلیز مسترد کردی ہے، ورلڈ بینک کی رپورٹ اخبارات میں درست طریقے سے شائع نہیں ہوئی، ورلڈ بینک کی رپورٹ میں منی لانڈرنگ، نواز شریف یا کسی اور شخص کا ذکر نہیں ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی ایئر بلیو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نہیں ہیں نہ کبھی سی ای او رہے ہیں، جب سے انہوں نے گورنمنٹ پوزیشن لی ہے ان کے فیملی ممبرز میں سے کوئی بھی ایئر بلیو کی ایگزیکٹو یا نان ایگزیکٹو پوزیشن نہیں ہے۔