• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
دنیا کے بہترین اسمارٹ سٹیز

ایک اسمارٹ شہر کا تصور اس کی ترقی کی سطح، تبدیلی پر آمادگی ، اصلاحات، وسائل اور شہر کے رہائشیوں کی خواہشات پر منحصر ہے۔ ایک شہر اسی وقت اسمارٹ ہو سکتا ہے، جب ٹیکنالوجی کے تمام عناصر اس میں موجود ہوں۔ اسمارٹ سٹی کے لیےنہایت ترقی یافتہ ٹیکنالوجی کی ضروت پڑتی ہے۔ 

اسمارٹ سٹی کے لیے درج ذیل بنیادی عناصر ہونے چاہئیں۔ 

1) پانی کی فراہمی کی سہولت، 

2 )یقینی بجلی کی فراہمی کی سہولت، 

3) صحت و صفائی، کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کا نظام، 

4) مؤثر شہری نقل و حرکت اور پبلک ٹرانسپورٹ، 

5) سستی رہائش، خاص طور پر غریبوں کے لیے، 

6) مضبوط آئی ٹی، مربوط اور ڈیجیٹل نظام، 

7) ای گورننس اور شہری شرکت میں اچھا اسلوب حکمرانی، 

8) پائیدار ماحول، 

9) شہریوں، بزرگوں خاص طور پر خواتین، بچوں کی سلامتی اور حفاظت، 

10) صحت اور تعلیم وغیرہ۔

ان مقاصد کے حصول کے لیےاسمارٹ سٹی کو سازگار ماحول، تکنیکی ترقی، براڈبینڈ کنیکٹیویٹی، ایک معاون معاشی نظام، ہائی ٹیک آلات، عوام کے ساتھ اہم ڈیٹا کا اشتراک کرنے کے لیے ایک سیاسی عزم کی ضرورت ہے۔ عالمی سطح پر سافٹ وئیر کی سہولیات فراہم کرنے والے ادارے ایسچر (Escher)کا کہنا ہے کہ اسمارٹ سٹیز کے لیے پانچ لوازمات ضروری ہیں۔ 

ان میں براڈبینڈ نیٹ ورکس کا فروغ، اسمارٹ آلات اور ایجنٹس، شہری علاقوں میں اسمارٹ مقامات قائم کرنا، ویب پر مبنی ایپلی کیشنز اور ای سروسز کی فراہمی اور آخر میں سرکاری ڈیٹا کو عوام کے لیے کھولنا شامل ہے۔ یہاں آج آپ قارئین کی دلچسپی کے لیے دنیا کے چند بہترین اور اُبھرتے ہوئے اسمارٹ سٹیز پر روشنی ڈالی جارہی ہے۔

سنگا پور

سنگاپور کو دنیا کا سب سے اسمارٹ شہر مانا جاتا ہے۔ اسمارٹ گرڈ ٹیکنالوجیز کو اختیار کرنا، بہترین لائٹنگ کا انتظام، ٹریفک کو منظم بنانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی مثلاً وائی فائی، اسمارٹ فونز کا استعمال شامل ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے، اس شہر میں اگر لوگ غیر مجاز علاقوں میں تمباکو نوشی کرتے ہیں یا لوگ اگر اونچی عمارتوں سے گندگی نیچے پھینک رہے ہیں تو ان کا بھی پتہ چلایا جا سکتا ہے۔ سنگاپور میں اسمارٹ فونز اور براڈ بینڈ کی سہولت موجود ہے۔ ایک مقامی کمپنی سنگ ٹیل10 جی بی پی ایس فائبر براڈبینڈ سروس فراہم کرتی ہے، جس سے شہری 90 سیکنڈ میں ایک دو گھنٹے کی ایچ ڈی فلم ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

بارسلونا

بارسلونا نے ٹریفک کو منظم کرنے کیلئے مانیٹرز اور سینسرز کو وسیع پیمانے پر استعمال کیا ہے۔ شہر میں ہوا کے معیار اور ٹریفک کے شور کی نگرانی کے لیے اسمارٹ پارکنگ ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ اسمارٹ اسٹریٹ، اور سینسرز نصب ہیں۔ یہاںعوامی مقامات پر مفت وائی فائی کا جال پھیلا یارہا ہے۔ اسمارٹ گرڈ ، اسمارٹ میٹروں کی تنصیب اور کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے منصوبوں کی وجہ سے بارسلونا کو دنیا کے بہترین اسمارٹ سٹیز میں بالائی درجے میں رکھا جاتا ہے۔ 

شہر میں ایل ای ڈی روشنیاں استعمال کی جاتی ہیں۔ بارسلونا نے خشک سالی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کو بہترین انداز میں استعمال کیا ہے، جسے دنیا بھر میں سراہا گیا ہے۔ چند سال قبل شہر کا پانی ضائع ہو جاتا تھا، اب سینسرز کے ذریعے آبپاشی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ بارش کی پیش گوئی کرنے، اس کے پانی کو محفوظ بنانے اور اسے آبپاشی میں استعمال کرنے کے لیے سینسرز کو زمین پر نصب کیا گیا ہے۔

لندن

لندن کو ہمیشہ براڈبینڈ کی دستیابی کی وجہ سے اعلیٰ مقام دیا گیا ہے۔ شہر کی انتظامیہ نے گنجان پن سے نمٹنے اور پارکنگ آسان بنانے کے لیے پہلے ہی سے ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیاہے۔ بہت سے دوسرے شہروں میں بھی لندن کی پیروی کی جارہی ہےاور اپنی اسمارٹ پارکنگ کے لیے اسے ماڈل کے طور پر سامنے رکھا ہے۔لندن نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ شہر کو اسمارٹ سٹی بنانے کیلئے ڈیٹا کو عام کر دے گا۔ 

اس سے عام شہریوں کی ڈیٹا تک رسائی ممکن ہو گی اور وہ مختلف مقاصد کے لیے اس ڈیٹا کو استعمال کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔ لندن نے ایک اوپن ڈیٹا کی ایپلی کیشن بنائی ہے، جس میں کسی شخص کے محل وقوع کا پتہ چل سکتا ہے اور معلوم کیا جاسکتا ہے کہ وہ کہاں جانا چاہتا یا چاہتی ہے۔

سان فرانسسکو

سان فرانسسکو ٹیکنالوجی مرکز ہونے کی وجہ سے تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ اسے مربوط شہر ہونے کی وجہ سے شہریوں کو سینسرز کی مدد سے پارکنگ کی جگہیں تلاش کرنے میں مدد ملتی ہیں۔شہر میں انرجی اینڈ انوائرنمنٹل ڈیزائن کی سرٹیفائیڈ عمارتیں تعمیرکی گئی ہیں۔ اس شہر کی ایک اورمثبت بات یہ ہے کہ یہاں پر ادائیگیوں کا نظام بہت اچھا ہے۔ 

لوگ اپنی رقوم کی آن لائن ادائیگیاں کرسکتے ہیں۔ شہر میں اسمارٹ پارکنگ کی بہترین سہولیات دستیاب ہیں۔ شہر میں ایس ایف پارکنگ کا نظام 2011ء میں متعارف کروایا گیا تھا جس میں پارکنگ کے لیے سینسرز سے مدد لی جاتی ہے۔ شہرکی انتظامیہ ڈائنامک پارکنگ سسٹم کے لیے ڈیٹا کا استعمال کرتی ہے، جس میں پارکنگ کی خالی یا بھری ہوئی جگہ کی نشاندہی کی جاتی ہے۔

اوسلو

اس شہر میں پارکنگ کی نگرانی میں مدد کے لیے سینسرز نصب ہیں۔ شہر میں بیمار اور بوڑھے مریضوں کی دیکھ بھال کو بہتر بنانے میں مدد دینے کے لیے بھی سینسر نیٹ ورک نصب ہے۔ شہر میں اسمارٹ سٹریٹ لائٹنگ کا انتظام بھی کیا گیا ہے، جس سے شہر میں بجلی کی کھپت میں دو تہائی کمی آگئی ہے۔

تازہ ترین