اسلام آباد (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کی ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل منصوبے راولپنڈی رنگ روڈ کیلئے چین سے قرضہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اس سلسلے میں چینی وفد آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریگا اور وہ پی اینڈ ڈی پنجاب کے حکام سے بات چیت کرے گا، شہریوں نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے کہا ہے کہ یہ منصوبہ انہی کے حلقہ سے گزرتا ہے لہٰذا انہیں اس منصوبے کا اعلان کرنا چاہئے ، آر ڈی اے پچھلے کئی سالوں سے اس منصوبے کی فزیبلٹی سٹڈی یا پھر سروے کروا چکا ہے ، سابق ڈی جی آر ڈی اے مکین شہباز کے دور میں راولپنڈی رنگ روڈ کا پی سی ون بھی تیار کیا گیا تھا جس کے تحت رنگ روڈ کے گرد انڈسٹریل زون بھی بنائے جانے تھے اور روڈ کی چوڑائی اور لمبائی بھی موجودہ مجوزہ منصوبہ سے زیادہ تھی اور اس وقت تخمینہ تقریباً 65سے 70ارب روپے لگایا گیا تھا پھر اس کا تخمینہ 80ارب روپے لگایا گیا تھا مگر اب اس کی چوڑائی سمیت انڈسٹریل زون بھی اس میں سے نکالے جاچکے ہیں اس کے باوجود انتہائی عوامی اہمیت کے اس منصوبے میں حکومتوں کی دلچسپی کم ہی دکھائی دیتی ہے ، اگر یہ منصوبہ مکمل ہو جاتا ہے تو خیبرپختونخوا کی پنجاب کو جانے والی اور پنجاب کی خیبرپختونخوا کو جانے والی ٹریفک کا اسلام آباد پر بوجھ ختم ہو جائے گا اور جڑواں شہروں میں ٹریفک کے مسائل کا بھی خاتمہ ہو جائے گا ،اس وقت یہ ٹریفک راولپنڈی اسلام آباد سے ہو کر گزر رہی ہے جس کے نتیجہ میں ٹریفک کے مسائل متعلقہ اداروں کے کنٹرول سے باہر چکے ہیں ، شہریوں کو روزانہ سڑکوں پر سفر کے دوران شدید اذیت کا شکار ہونا پڑتا ہے جس کے باعث وہ ذہنی مریض ہوتے جا رہے ہیں ، بے ہنگم ٹریفک کے باعث مریض سڑکوں پر ہی دم توڑ جاتے ہیں ، آر ڈی اے بار بار یہ منصوبہ تیار کرتا ہے مگر حکام کی عدم دلچسپی کے باعث پھر یہ منصوبہ سرد خانے میں ڈال دیا جاتا ہے ، 2017\18کے مالی سال میں اس منصوبہ کیلئے کوئی رقم مختص نہیں کی گئی تھی جبکہ آئندہ مالی سال میں اس منصوبے کو شامل کرنے کیلئے پی اینڈ ڈی کو یہ منصوبہ بھجوایا جا چکا ہے اور تقریباً 38ارب روپے کے اس ساڑھے 38کلومیٹر 6رویہ منصوبہ کیلئے ٹوکن منی کے طور پر پچاس ملین روپے مانگے گئے ہیں ، آر ڈی اے کے شعبہ انجینئرنگ حکام کے مطابق توقع ہے کہ آئندہ مالی سال کے پی ایس ڈی پی میں یہ پچاس ملین روپے مختص کر دیئے جائیں گے مگر یہ منصوبہ قرض ملنے کی صورت میں بنے گا جس کیلئے چینی وفد آئندہ ہفتے پی اینڈ ڈی پنجاب حکام سے ملاقات کرے گا اور قرضہ کے حوالے سے وفد سےبات چیت کی جائے گی ، شہریوں کا کہنا ہے کہ اس منصوبے پر پنجاب سمیت وفاقی حکومت کو بھی توجہ دینی چاہئے اور اس منصوبے پر جلد سے جلد کام شروع کروانا چاہئے کیونکہ اس منصوبہ پر عدم پیشرفت کے باعث جڑواں شہروں میں آئے روز ٹریفک کے مسائل میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا تھا کہ سابق وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری نثار علی خان جن کے حلقہ سے یہ رنگ روڈ نکلنی ہے انہیں چاہئے کہ عوامی اہمیت کے اس منصوبے پر خصوصی توجہ دینی چاہئے اور انہیں اس منصوبے کا نہ صرف اعلان کرنا چاہئے بلکہ انتخابات سے پہلے ہی اس منصوبے کا افتتاح بھی کرنا چاہئے۔