لورالائی( نمائندہ جنگ) لورالائی کے نواحی علاقے ناصرآباد میں گھریلو جھگڑے کے باعث باپ نے اپنے بیٹے کو دونوں آنکھوں سے محروم کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ناصر آباد میں دوست محمد ترکئی نے اپنے بیٹوں عبدالکریم اور عبدالستار کے ساتھ ملکر گھریلو جھگڑے کے دوران اپنے بیٹے عبدالباقی کی آنکھ میں انگلیاں ڈال کر اسکی ایک آنکھ موقع پر ضائع کردی اور دوسری آنکھ شدید زخمی کردی ۔جسے کوئٹہ منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹر کے مطابق اسکی دوسری آنکھ بھی ضائع ہو چکی ہے پولیس نے دوست محمد اور سکے دونوں بیٹوں عبد الکریم اور عبد الستار کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ ملزم دوست محمد نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میرا بیٹا نافرمان بد چلن اور دس سال سے منشیات کا عادی تھا اور کئی سال پہلے چار سال جیل میں قید کی سزا بھی کاٹ چکا ہے بار با ر میرے سمجھانے کے باجود وہ اپنی حرکتوں سے باز نہ آیااورکئی دنوں سے وہ شادی کی فرمائش کر رہا تھا گزشتہ روز بھی اسی بات پر تکرار ہوئی اور اس نے مجھ پر ہاتھ بھی اٹھایا جس پرمیں نے تنگ آکر یہ انتہائی قدم اٹھایا۔