سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے حالیہ بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کہتے ہیں کہ وزیراعظم پارلیمنٹ میں آکر وضاحت کریں، اعتماد میں لیں۔
انہوں نے کہا کہ رات دیر سے پہنچا، آج صبح مجھےقومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکت کے لیے دعوت نامے کا علم ہوا،صبح پتہ چلا کہ مدعو کیا گیا ہے،تاہم میں نے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
خورشید شاہ نے کہا کہ نوازشریف کاموجودہ حکومت سے تعلق ہے،میں تو اپوزیشن لیڈر ہوں، حکومت فیصلہ کرے کیا کرنا ہے،قومی سلامتی کمیٹی فیصلے کرے اور وزیراعظم ہمیں آگاہ کریں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ انتظار کروں گا کہ وزیراعظم پارلیمنٹ میں آکر بتائیں، وضاحت کریں اور اعتماد میں لیں، میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ لفظوں کے کئی معنی نکلتے ہیں۔
خورشید شاہ مزید کہتے ہیں کہ اہم پوزیشن پر رہنے والوں کو سوچ سمجھ کر بولنا چاہیے، ان حالات میں سنبھل کر بولنا چاہیے، پاکستان کے قومی سلامتی ایشوزپرہم سب ذمہ دار ہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے یہ بھی کہا کہ چاہے ہم اپوزیشن میں ہوں یا حکومت میں، پارلیمنٹ میں ہوں نہ ہوں، یہ سب کا مسئلہ ہے۔