پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کو بطور پارٹی موجودہ صورتحال پرٹھنڈے دل سے غور کرنا ہوگا، غصہ اور تصادم کسی سیاسی مسئلے کا حل نہیں، اگرمحاذ آرائی کا یہی سلسلہ جاری رہا تو صرف پارٹی کو ہی نہیں ملک کو بھی شدید نقصان کا اندیشہ ہے۔
ایک بیان میں چوہدری نثارنے کہا کہ یہ امر انتہائی تشویش ناک ہے کہ پہلے ن لیگ کی حکومت میں ختم نبوت بل کا مسئلہ بنا اور اب ملک دشمنی کے الزامات لگ رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ سیاست دان کا کام اپنے اصولوں پر قائم رہ کر راستہ نکالنا ہے، اگر اپنا لائحہ عمل صحیح کرنے میں ہر مسلم لیگی نے کردارادا نہ کیا تو اس سے پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔