راولپنڈی،نوشہرہ (نمائندہ جنگ،این این آئی ) کوئٹہ اورنوشہرہ میں فورسزپرخودکش حملے ناکام،6حملہ آورمارے گئے،جبکہ 11اہلکاروں سمیت 18افرادزخمی ہوگئے،سکیورٹی فورسز نے کوئٹہ کے علاقے چمن ہائوسنگ اسکیم کے قریب فرنٹیئر کور (ایف سی) مدد گار سینٹر پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے پانچوں حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔ دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کے 4 جوان زخمی ہوگئے،آئی ایس پی آر کے مطابق بارود اور اسلحہ سے بھری گاڑی میں سوار 5 خود کش بمباروں نے ایف سی سینٹر پر داخل ہونے کی کوشش کی تاہم ایف سی کے چاک و چوبند اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں داخل ہونے سے روک دیا۔ فورسز کی بروقت کارروائی میں تمام حملہ آور مارے گئے، حملہ آور بظاہر افغان تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کی یہ ناکام کارروائی گزشتہ روز کلی الماس کے علاقے میں اہم دہشتگردوں کی ہلاکت کا ردعمل تھا۔پاک فوج کے مطابق ایف سی مددگار سینٹر پر اب صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے ۔دوسری جانب نوشہرہ مال روڈکچہری چوک ریلوے پھاٹک کے قریب ایف سی ٹل سکائوٹس کے قافلہ پر خود کش حملےکے نتیجہ میں 7 اہلکاروں سمیت14 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوںمیں تین کی حالت تشویشناک ہے،7 سویلین زخمیوں میں 2خواتین بھی شامل ہیں، خود کش حملہ میں ایک سویلین گاڑی کو بھی نقصان پہنچا،پیدل خود کش بمبار نےایف سی کی گاڑی کے قریب جا کر خود کو دھماکہ سے اڑا دیا ،زور دار دھماکہ سے ایف سی کی گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی ، اطلا ع ملتے ہی سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اورسڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا، اسٹیشن کمانڈر نوشہر ہ بریگیڈئیرنذیر حسین خان اور سول انتظامیہ کے حکام موقع پر پہنچ گئے ، ریسکو1122 اور فائربریگیڈکا عملہ بھی جائے وقوعہ پر پہنچا ، زخمیوں کو سی ایم ایچ نوشہرہ اورڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا،خود کش حملہ آور کے جسم کے باقیات ڈی ایچ کیوہسپتال نوشہرہ منتقل کی گئیں،ترجمان وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے بتایا ہے کہ صوبے میں سکیورٹی کا ازسرنو جائزہ لے کر موجودہ حالات سے ہم آہنگ سکیورٹی پلان تشکیل دیا جائے گا،حملہ میں 5 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا ،سٹیشن کمانڈر نوشہرہ بریگیڈئر نذیرحسین خان نے کہا کہ تحقیقات شروع کردی ہیں ، جیو فینسنگ کے ذریعے اصل ملزمان تک بہت جلد پہنچیں گے، کافی عرصے سے دھمکیاں موصول ہورہی تھیں، فورسز ہر وقت ہائی الرٹ ہیں، دہشتگردوں کو کسی طور منظم ہونے نہیں دیں گے،ڈی پی او نوشہرہ شہزاد ندیم بخاری نے کہا کہ خو د کش دھماکے کے حوالے سے دہشتگردی ایکٹ کے تحت محکمہ انسداد دہشتگردی مقدمہ درج کرے گا، خودکش بمبار کا سر ڈی این اے ٹیسٹ کیلئےبھیج دیا گیا ہے، جیو فنسنگ اور دیگر شواہد پر کام شروع کردیاگیا۔