پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے این اے 200 لاڑکانہ سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔
لاڑکانہ میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پہلے انہوں نے این اے دو سو سات سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا مگر اب وہ این اے دو سو سے الیکشن لڑیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اقتدار میں ہو یا نہیں، ہمیشہ عوام کیلئے کام کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو 15 اپریل کو پانی ملنا تھا، ابھی تک نہیں ملا، کب پانی ملے گا؟ کب بیج لگیں گے؟ کب فصل ہوگی؟ اگر زراعت تباہ ہوئی تو ملک کیسے ترقی کرے گا؟
انہو ں نے کہا کہ ن لیگ نےاس ملک کو وفاق کے طور پر نہیں بلکہ ون یونٹ کے طور پر چلایا ہے، صوبوں کے وسائل جو یہاں خرچ ہونے تھے، وہ روک لیے گئے۔
بلاول نے کہا کہ روزانہ جھوٹ بولتے ہیں لوڈ شیڈنگ ختم ہوگئی، جاتی امراء میں لوڈ شیڈنگ ختم ہوگئی ہے، بجلی دے نہیں رہے، بجلی کے بل ڈبل دے رہے ہیں،عوام مسائل سے دوچار ہیں لیکن میاں صاحب اپنی ذات سے نہیں نکل رہے۔
انہوں نے عمران خا ن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران کو تو عوام کے حقیقی مسائل کا علم ہی نہیں، عمران کی نظر صرف کرسی اور اقتدار پر ہے۔