سکھر+میر پور ماتھیلو+ڈگری (بیورو رپورٹ/نامہ نگاران ) رمضان المبارک کے دوران بھی سیپکو کی لوڈشیڈنگ جاری ہے جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔میر پور ماتھیلواور ڈگری میں شدید گرمی کے دوران بجلی کی گھنٹوں بندش سے روزہ دار بے حال ہوگئے جبکہ پانی کے حصول میں بھی پریشانی رہی ۔تفصیلات کے مطابق سکھر رمضان المبارک کے دوران شدید گرمی اور سیپکو کی جانب سے بجلی کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، سیپکو کی جانب سے واضح طو رپر یہ اعلان کیا گیا ہے کہ سحر، افطار اور تراویح کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی لیکن شہری اور دیہی علاقوں میں بجلی کی اعلانیہ ، غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، خاص طورپر سحر، افطار، تراویح کے دوران بجلی نہ ہونے کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، شہری کے بعض علاقوں میں6سے 8 گھنٹے اور متعدد علاقوں میں10سے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ دیہی علاقوں میں 14سے 16اور 18گھنٹے تک بھی بجلی بند کی جاتی ہے ، جس کے باعث گرمی میں بجلی نہ ہونے سے گرمی کی شدت بھی بڑھ جاتی ہے اور لوگ مشکلات سے دوچار رہتے ہیں، مختلف علاقے جن میں پرانا سکھر، ریجنٹ سینیما، نیوپنڈ، نواں گوٹھ، مائیکرویو کالونی، روہڑی، صالح پٹ، کندھرا، باگڑجی سمیت دیگر شہری ودیہی علاقوں میں سحر و افطار کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے سیپکو کے اعلانات بے بنیاد ثابت ہوئے، ان تمام علاقوں میں سحر، افطار، تراویح سمیت صبح سے رات گئے تک 24گھنٹے بجلی کی اعلانیہ، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور آنکھ مچولی کاسلسلہ جاری رہتا ہے۔شہری، عوامی، تجارتی، سیاسی، سماجی، مذہبی تنظیموں کے رہنماؤں نے رمضان المبارک کے دوران بجلی کی اعلانیہ، غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ خاص طور پر سحر، افطار اور تراویح کے دوران بجلی بند کئے جانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور وزارت پانی وبجلی سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ مکمل طور پر ختم کی جائے تاکہ شدید گرمی میں لوگوں کوخاص طور پر روزہ داروں کو ریلیف مل سکے۔ میرپورماتھیلو رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں میرپورماتھیلو میں غیر اعلانیہ 12 سے 14 گھنٹے بجلی کی بندش جاری ہے شدید گرمی کے موسم میں روزہ دار بے حال جبکہ پانی کے حصول کے لئے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے نماز کے اوقات کے دوران بھی بجلی غائب رہنے لگی مختلف سماجی و مذہبی تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ ماہِ رمضان میں بجلی کی بندش کا سلسلہ ختم کیا جائے۔ ڈگری جھڈو اور نواحی علاقوں میں تراویح اور سحری کے اوقات میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ تراویح میں جھڈو کے وارڈ نمبر9،10,11اور اسٹیشن روڈ کے علاقوں میں تراویح اور نماز عشاء کے اوقات کے دوران اور صبح سحری کے وقت بجلی غائب رہی۔ نماز یوں نے نہ صرف تراویح اندھیرے میں ادا کی بلکہ بجلی کی بندش سے سحری بھی اندھیرے میں کی۔ شدید گرمی میں بجلی کی آنکھ مچولی اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ دن بھر جاری رہا ۔ جس سے روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔بجلی صارفین نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے-علاوہ ازین حیسکو ڈگری کی ہٹ دھرمی جاری رہی رمضان المبارک میں بھی بجلی کی فراہمی منقطع رہی مین شاہی بازار کی گزشتہ تین روز سے بجلی چند گھنٹوں کی فراہمی کے بعد دوبارہ بند ہے جس کے باعث شدید گرمی میں روزے دار انتہائی پریشان ہیں اور کوئی پرسان حال نہیں۔