ٹھٹھہ (نامہ نگار) مسلح ملزمان کی جانب سے گھر میں داخل ہو کر قتل کی گئی پیپلز پارٹی لیڈیز ونگ کی رہنما رخسانہ منگنہار کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف پیپلز پارٹی کے کونسلر شاہجہان عارفانی اور مقتولہ کے شوہر محمد ہاشم منگنہار کی قیادت میں ورثاء نے ایدھی سینٹر کے سامنے دھرنا دیکر قومی شاہراہ بلاک کردی، جس کے باعث ٹریفک جام ہو گیا، مظاہرین نے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور قومی شاہراہ پر ٹائر نذر آتش کیے، اس موقع پر مظاہرین نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ایک دن گزر جانے کے باوجود مقتولہ رخسانہ منگنہار کے قاتل ابھی بھی گرفتار نہیں کیے گئے ہیں انہوں نے متنبہ کیا کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے اندر اگر قاتل گرفتار نہیں ہوئے تو ایس ایس پی ٹھٹھہ کے دفتر کا گھیراؤ کریں گے۔ واضح رہے کہ پیپلز پارٹی لیڈیز ونگ کی 40 سالہ کارکن رخسانہ منگنہار کو رشتہ کے تنازع پر مسلح ملزمان نے جمعرات کے روز گھر میں داخل ہوکر پستول کے فائر کرکے قتل کردیا تھا، قتل کا مقدمہ مقتولہ کے شوہر کی مدعیت میں ٹھٹھہ تھانہ پر چار ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے۔