راولپنڈی(راحت منیر/اپنےرپورٹر سے)رنگ روڈ منصوبہ کے بارے بات چیت کیلئے چین کا اعلی سطح کا وفد پیر کو راولپنڈی آئے گا۔وفد میں رنگ روڈ منصوبہ کیلئے فنڈنگ میں دلچسپی کا اظہارکرنے والے اے اے آئی بی بنک کےحکام بھی شامل ہوں گے۔ذرائع کےمطابق کمشنر راولپنڈی آفس میں ہونےوالے مذاکرا ت میں کمشنر راولپنڈی ندیم اسلم چوہدری وفدکو منصوبہ کے بارے میں بریفنگ دیں گے۔جس کے بعد وفد پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ منصوبہ کے حوالےسے معاملات کو حتمی شکل دےگا۔قبل ازیں ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے ساتھ رنگ روڈ منصوبہ کے حوالے سے بات چیت ہوتی رہی ہے۔ ایشین ڈویلپمنٹ بنک راولپنڈی رنگ روڈ کی زمین کی خریدار ی اور دیگر اخراجات کے سلسلے میں قرضہ جات کی فراہمی کے لئے تیار تھا اور راولپنڈی رنگ روڈ کی ڈیزائننگ میں معاونت کر تا رہاہے ۔اب چینی بنک نے اس منصوبہ میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔جس کیلئے پی سی ٹو دوبارہ تیار کیا جارہا ہے۔اس کی بنیاد پر چینی بنک کے ساتھ معاملات آگے بڑھائے جائیں گے۔38کلومیٹر لمبی رنگ روڈ کے ساتھ متصل سڑکیں بھی ہوں گی۔جس کا ابتدائی تخمینہ42ارب روپے لگایا گیا ہے۔تکمیل مدت دو سال رکھی گئی ہے۔