• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نگران وزیراعظم پر اب تک اتفاق نہ ہونا افسوسناک ہے،سراج الحق

لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ نگران وزیراعظم پر اب تک حکومت اور اپوزیشن کا اتفاق نہ ہونا افسوسناک ہے ۔سیاستدان کسی معاملے پر متفق نہیں ہوتے تو پھر فیصلے کہیں اور ہوتے ہیں] جب سیاستدان کسی معاملے پر متفق نہیں ہوتے تو پھر فیصلے کہیں اور ہوتے ہیں ۔ نگران وزیراعظم پر اب تک اتفاق ہو جانا چاہیے تھا اور نگران وزیراعظم کے لیے ایسے فرد پر اتفاق ضروری ہے جو غیر جانبدار اور بااعتماد ہو اور شفاف و غیر جانبدارانہ انتخابات کو یقینی بناسکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد کے ساتھ ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سراج الحق نے کہاکہ بیت المقدس کی آزادی کے لیے عالم اسلام کے حکمرانوں کو طیب اردگان کا ساتھ دینا چاہیے اور امت کو اب فیصلہ کن معرکے کے لیے تیار رہنا چاہیے ۔ جب تک مسلم ممالک متحد ہو کر امت کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار نہیں کرتے ، دشمن کے لیے ترنوالہ بنے رہیں گے اور دشمن انہیں باہم دست و گریبان کر کے اپنے مقاصد حاصل کرتا رہے گا ۔ اس وقت امت کے لیے سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی پریشانی کی سب سے بڑی وجہ بنی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت سعود ی عرب اور ایران کے درمیان غلط فہمیوں کا خاتمہ ضروری ہے ۔ طیب اردگان نے جس جرات سے امریکہ اور اسرائیل کو جواب دیاہے ، اسی جرات کا مظاہرہ پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو کرناچاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ادھورا احتساب مزید خرابیوں کا باعث بنتاہے اس لیے احتساب کا عمل جلد مکمل ہوناچاہیے ۔ رمضان المبارک ذاتی احتساب کا بھی مہینہ ہے اس لیے سب کو اپنے گناہوں کی بخشش کے ساتھ ساتھ ملک کو کرپٹ قیادت سے نجات دلانے کا بھی عہد کرناچاہیے۔
تازہ ترین