• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا اسمبلی ، ڈپٹی اسپیکر کی خالی نشست پر انتخاب کا اعلان

پشاور(اسٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر کی خالی نشست پر انتخاب کرانے کا اعلان کرتے ہوئے اپوزیشن کے مقابلہ میں اپنا امیدوار میدان میں نہ لانے اوراپوزیشن کے حق میں دستبردار ہونے کا فیصلہ کر لیا ، صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ کی تیار کردہ سمری کے مطابق ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی21مئی کو جمع کرائے جائیں گے جبکہ22مئی کو نئے ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہوگا ، اپوزیشن کی جانب سے جے یو آئی کے ایم پی اے محمود خان بیٹنی ڈپٹی سپیکر کے عہدہ کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔ ڈپٹی سپیکر ڈاکٹر مہرتاج روغانی کے سینیٹر منتخب ہونے کے بعد 3مارچ سے ڈپٹی سپیکر کا عہدہ خالی ہے جس کوصوبائی حکومت نے اب پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس مقصد کیلئے صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ نے سمری تیار کرکے سپیکر کو ارسال کردی جنہوں نے سمری کو حتمی منظوری کیلئے گورنر کو بھجوانا ہوتا ہے، صوبائی اسمبلی ذرائع کے مطابق سمری میں دئیے گئے شیڈول کے مطابق 21مئی کو ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں حصہ لینے والے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے جن کی جانچ پڑتال اسی روز ہوگی جبکہ اگلے روز22مئی کو نئے ڈپٹی سپیکر کا چناؤ ہوگا، ذرائع کے مطابق تحریک انصاف حکومت نے ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں حصہ نہ لینے اور عہدہ اپوزیشن دینے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت بظاہر اسمبلی میں عددی اکثریت کھوچکی ہے اور اس کے پاس ڈپٹی سپیکر کا انتخاب جیتے کیلئے ارکان کی مطلوبہ تعداد کی حمایت نہیں اسلئے حکومت نے اپوزیشن کو خوش کرنے کیلئے ڈپٹی سپیکر کے انتخاب سے دستبردار ہونے اور اپوزیشن کے امیدوار کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔
تازہ ترین