کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اتوارکو گلشن اقبال کراچی میں امریکی ریاست ٹیکساس کے اسکول میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی طالبہ سبیکا شیخ کے گھر جاکران کے والد سے ملاقات کی اوراہلخانہ سے سبیکا کی ناگہانی موت پر گہرے رنج، دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ گورنرسندھ محمد زبیربھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سبیکا پاکستان کی ہونہار طالبہ تھی، پوری قوم سبیکا کی افسوسناک موت پر سوگوار ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہاکہ انتہاپسندانہ رجحانات کسی ایک ملک یا خطے کا نہیں بلکہ عالمی مسئلہ ہے، ایسے رجحانات پر قابو پانے کیلئے جہاں انکی اصل وجوہات تلاش کرنے اور ان اسباب کے تدارک کی ضرورت ہے وہاں بین الاقوامی سطح پر ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کی بھی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر سبیکا کے والد نے کہا کہ نواز شریف صاحب نے خاص طور پر وزیراعظم صاحب کو بھیجا ہے۔ہمارے دل میں وزیراعظم کابہت احترام ہے اورہم ان کے شکرگزار ہیں۔اس موقع پر سبیکا کے تایا عبدالجلیل شیخ نے کہا کہ ہم وزیراعظم اورگورنر سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ قبل ازیں گورنر ہاؤس کراچی میں کینسر کیئر اسپتال کی فنڈ ریزنگ کے حوالے سے منتقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 10 کروڑ روپے عطیہ کرنے کا اعلان کیاور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان میں کینسر کے 75فیصد مریض علاج کی سہولیات کے بغیر انتقال کرجاتے ہیں، حکومت وفاقی اور صوبائی سطح پر کینسر کنٹرول پروگرام جلد شروع کریگی اور یہ پروگرام پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ملک بھر میں شروع کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے کی ترقی کے لیے اقدامات کررہی ہے حکومت کی کوشش ہے کہ صحت کی سہولیات کا دائرہ ملک کے تمام علاقوں تک پھیلائے جائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسپتال قائم ہونے سے زیادہ چیلنج اسکو بہتر انداز میں چلانا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے اسپتال کی فنڈ ریزنگ کیلئے وفاقی حکومت کی جانب سے 10 کروڑ روپے عطیہ کا اعلان کیا۔