• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت آئی پی ایل کے ذریعے فٹبال اور باسکٹ بال سے ٹکرانے کو تیار

بھارت آئی پی ایل کے ذریعے فٹبال اور باسکٹ بال سے ٹکرانے کو تیار

ممبئی ( جنگ نیوز ) بھارتی کرکٹ بورڈ دنیا کے مقبول ترین کھیل فٹ بال اور باسکٹ بال سے ٹکرانے کی پلاننگ کررہا ہے۔ انڈین پریمیئر لیگ کے چیئرمین راجیو شکلا اپنے ٹورنامنٹ کی مقبولیت سے اسے امریکا اور برطانیہ تک وسعت دینے کو ہدف بنائے ہوئے ہیں۔ خیال رہے کہ حال میں بھارتی بورڈ نے آئی پی ایل کے نشریاتی حقوق پانچ سال کیلئے ڈھائی ارب ڈالر میں فروخت کیے ہیں۔ راجیو شکلا کی نظریں اب انگلش پریمیئر لیگ فٹبال اور امریکا کی نیشنل باسکٹ بال لیگ کے سطح پر کمائی کرنے پر لگی ہیں۔ شکلا کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل اب انگلش پریمئر لیگ کے بعد دنیا کا دوسرا مقبول ترین اسپورٹس ایونٹ ہے، ہم پہلے ہی میچز پوری دنیا میں دکھارہے ہیں ۔ بھارت کے ان شہروں میں جہاں میچز نہیں رکھے جاتے، ہم وہاں فینز پارک کا اہتمام کرتے ہیں جہاں 20 سے 30 ہزار افراد مستقل آتے ہیں۔ ہم اسی طرح کے انتظامات دبئی، برطانیہ اور امریکا میں بھی کرنے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔ اندازے کے مطابق آئی پی ایل کا ایک میچ ٹی وی پر نشر کرنے سے اوسطاً 85 لاکھ ڈالر کی آمدنی ہوتی ہے۔ ایک سیزن میں سات ہفتے کے دوران 60 میچز کھیلے جاتے ہیں۔ اس کے مقابلے انگلش پریمئر لیگ فٹبال میں فی میچ ایک کروڑ 10لاکھ ڈالر کی آمدنی ہوتی ہے۔ سروے کے مطابق آئی پی ایل کو فی میچ اوسطاً چار کروڑ جبکہ انگلش فٹبال کو ایک کروڑ 20لاکھ ناظرین ملتے ہیں۔

تازہ ترین