• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
کراچی(اسٹاف رپورٹر )رمضان قرآن اور نیکوں کا مہینہ ،رمضان اور قرآن ایک مسلمان کو معاشرے کا اچھا شہری بنانے میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جس طرح رمضان میں روزہ فرض ہے اسی طرح رمضان کے تقدس کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے،کھلے عام روزہ خوری رمضان المبارک کے تقدس کی پامالی ہے اور اللہ کے عذاب کو دعوت ہے،ترویح اور تلاوت قرآن دو الگ سنتیں ہیں دونوں کا اہتمام کرنا چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس مفتی محمدنعیم نے چھ روزہ تراویح میں ختم قرآن کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک قرآن کا مہینہ اور نیکیوں کا سیزن ہے ،تراویح اورمکمل قرآن مجید دوالگ الگ سنتیں ہیں ہر مسلمان کو ان دونوں سنتوں کا اہتمام کرنا چاہیے ، قرآن مجید کی تلاوت سکون اور دلوں کو منور کرتی ہے ، آج امت مسلمہ جن مسائل کا شکار ہے وہ دین سے دوری اور دنیا سے رغبت ہے، موجودہ دور میں ابھرنے والے ہر فتنے کا توڑ کتاب اللہ میں موجود ہے، انہوں نے مزید کہاکہ بلاعذر تراویح کی نماز نہیں چھوڑنی چاہیے ، رمضان المبارک عظیم اور بابرکت مہینہ ہے، جس طرح رمضان المبارک کے روزے فرض کیے گئے ہیں اسی طرح اس کے تقدس کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے، انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل میں روزہ خوری کی وبا عام ہوتی جارہی ہے اورشہر ودیہات کی تفریق کیے بغیر نوجوان رمضان کے تقدس اور روزوں کی حرمت پامال کرتے ہوئے برملا کھاتے پیتے دکھائی دیتے ہیں، عذر شرعی کے بغیر روزہ خوری گناہ کبیرہ اور سرعام کھانا رمضان المبارک کے تقدس کی پامالی ہے۔انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک میں سرعام روزہ خوری اعلانیہ گناہ کا ارتکاب ہے ، حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ ’’ میری امت کے ہر فرد کومعاف کردیا جائے گا سوائے ان لوگوں کے جو علانیہ گناہوں کاارتکاب کرتے ہیں‘‘جو رمضان میں ایک دن بھی بغیر عذر شرعی اور بیماری کے روزہ نہیں رکھے گا اگر وہ پورے زمانے روزہ رکھتا رہے تو اس کی تلافی نہیں ہوسکتی،اللہ تعالیٰ ان لوگوں کو ہدایت دے جو رمضان کے روزوں کا اہتمام نہیں کرتے اور کھلے عام روزہ خوری کا ارتکاب کرکے اللہ کے غیض و غضب کو دعوت دیتے ہیں۔
تازہ ترین