لاہور (نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے خطے میں امن کا قیام ضروری ہے ،ہمارے پڑوس میں 30برسوں سے بارود کی بارش ہورہی ہے جس کی وجہ سے پورا خطہ متاثر ہورہا ہے،پاکستان اور چین جڑواں بھائیوں کی طرح ہیں ، دونوں کا مستقبل ایک دوسرے سے وابستہ ہے،سی پیک پر اعتماد میں اس وقت اضافہ ہوگا جب عام آدمی کو اس کا فائدہ پہنچے گا۔سراج الحق نے کرنل سہیل عابد شہید کی رہائشگاہ پر ان کے والدین اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور شہید کی قبر پر فاتحہ خوانی کی۔پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ چین اور پاکستان کی بقاءایک دوسرے کے ساتھ وابستگی میں ہے اورجدائی میں دونوں کا نقصان ہے،سی پیک سے دونوں ملکوں کے تعلقات مضبوط ہوئے ہیں لیکن اس عظیم منصوبے کے ثمرات حکومتوں کی بجائے عام پاکستانی کو پہنچانے کی ضرورت ہے،پاکستان میں بے روزگاروں کی فوج ظفر موج ہے،سی پیک کے نتیجے میں کروڑوں بے روزگاروں کو روزگار ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے علاقے میں چھوٹی صنعتوں اور گھریلو دستکاریوں کو ترقی دینے کی ضرورت ہے تاکہ خواتین بھی اپنے گھروں میں بیٹھ کر کام کرسکیں اور ان کی تیار کردہ مصنوعات دنیا کی بڑی مارکیٹوں تک پہنچ سکیں،سی پیک سے دونوں ملکوں کے تعلقات مضبوط ہونے سے خطے میں ترقی و خوشحالی کا ایک نیا دور جنم لے گا۔ دریں اثنا سینیٹر سراج الحق نے کرنل سہیل عابد شہید کی رہائشگاہ پر ان کے والدین اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور شہید کی قبر پر فاتحہ خوانی کی۔