مولّف: لیفٹینٹ کرنل (ر) عاشق حسین
صفحات: 419، قیمت: 650روپے
ناشر: نام درج نہیں
یہ کتاب کا دوسرا ایڈیشن ہے۔ آرمی ایجوکیشن کور کے سابق لیفٹینٹ کرنل، عاشق حسین کی یہ کتاب بڑے سائز پر ہے، جو انہوں نے انسائیکلو پیڈیا کے طرز پر ترتیب دی ہے۔ اس میں انہوں نے دو ہزار سے زائد منتخب اُردو اشعار کے حوالہ جات کے ساتھ تمام قرآنی معلومات یک جا کردی ہیں۔ مثلاً کون سا لفظ قرآن پاک میں کتنی مرتبہ استعمال ہوا ہے، قرآن مجید کے کون کون سے الفاظ اُردو زبان میں بھی مستعمل ہیں۔ مولّف کی تحقیق کے مطابق قرآن پاک کے 47407الفاظ، اُردو میں بھی استعمال ہوتے ہیں۔ یہ کتاب بنیادی طورپر اُردو جاننے والے افراد کے لیے قرآنی مطالب و معانی تک رسائی کو آسان بنانے کی غرض سے مرتّب کی گئی ہے، لیکن اس کے مطالعے سے اُردو زبان و ادب کے طلبہ کے لیے بھی تفہیم کی نئی راہیں کھلیں گی۔ کتاب خُوب صُورت سرورق کے ساتھ، بڑے سلیقے سے شایع کی گئی ہے اور قیمت بھی انتہائی مناسب رکھی گئی ہے۔