گھوٹکی( نامہ نگار) اینٹی کرپشن گھوٹکی پولیس کا اسکارپ ٹیوب ویل ڈویژن کے آفس پر چھاپہ،تین سال کا ریکارڈ تحویل میں لے کر تفتیش شروع کردی تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن گھوٹکی کے سرکل آفیسر صوفی عبدالحفیظ چاچڑ نے سیکنڈ سول جج عبدالعزیز شر کے ہمراہ اسکارپ ٹیوب ویل ڈویژن گھوٹکی آفس پر چھاپہ مار کر تین سال ریکارڈ تحویل میں لے لیا۔ اس سلسلے میں اینٹی کرپشن پولیس کا کہنا ہے کہ سال 2016-17-18 کے دوران ایم اینڈ آر اور اے ڈی پی اسکیم سے کرائے گئے کاموں کی چھان بین کی جائیگی ان کاموں کے لیے بیس کروڑ روپے جاری کئے گئے تھے جبکہ ابتدائی تفتیش کے مطابق کام صرف کاغذوں میں کرائے گئے ہیں۔ زمین پر ان کا کوئی وجود نہیں۔ اینٹی کرپشن پولیس کے مطابق تفتیش مکمل کرنے کے بعد ملوث افسران کے خلاف مقدمہ درج کر کے انکو گرفتار کیا جائیگا۔