• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی آئی اے کی تنظیم نو پر تمام شراکت داروں نے اظہار اطمینان کر دیا

اسلام آباد (حنیف خالد) پی آئی اے کی کار کردگی میں موجودہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں گزشتہ سال کی نسبت 7فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پہلی سہ ماہی میں ریونیو کی مد میں 23.5ارب روپے حاصل ہوئے ۔ جو کہ گزشتہ برس کے اسی عرصہ سے 1.6 ارب زائد ہے جبکہ آپریشنل اخراجات میں 1.3 ارب روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ترجمان نے بتایا کہ ریونیو میں اضافے کی بنیادی وجہ مارکیٹنگ کے شعبہ کی بہتر حکمت عملی، پروازوں کی آمدورفت میں بہتری (جو کہ اس وقت اپنی تاریخ میں سب سے زیادہ91 فیصد کے تناسب پر کھڑی ہے ) نظم و ضبط اور پرڈاکٹ کی بہتری کے لئے کی گئی مخلصانہ کوششیں جن میں طیاروں کے کیبن کی صفائی اور تزئین و آرائش، کھانے کے معیار میں بہتری اور سروس میں بہتری کیلئے کئے جانے والے اقدامات شامل ہیں۔اخراجات میں اضافے کی بنیادی وجہ ایندھن کے اخراجات میں 31فیصد اضافہ اور روپے کی قدر میں15فیصد تک ہونیوالی حالیہ کمی ہے جس کی وجہ سے غیرملکی ادائیگیوں میں ہونیوالا اضافہ ہے۔ تاہم ابھی مالی حسابات کی منظوری نہیں ہوئی۔ ترجمان نے کہا کہ ائر لائن کے حفاظتی امور کے معیار میں بھی مزید بہتری دیکھنے میں آئی ہے اور بین الاقوامی ایجنسی سافا کی جانب سے پی آئی اے کی حفاظتی کار کردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے ۔ پی آئی اے انتظامیہ کی مثبت کار کردگی کی وجہ سے قومی ائر لائن کے خلاف منفی پر اپیگنڈہ شروع کیاگیا ہے تا کہ ادارے کی ترقی کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سبوتاژ کیا جاسکے۔ترجمان نے کہا کہ بعض حلقے اپنے مقاصد کی خاطرقومی ائر لائن کو منفی اور من گھڑت خبروں کے ذریعے بدنام کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں جو کہ قابل مذمت بھی ہے اور قومی ادارے کی بحالی کی کوششوں کے خلاف یہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔ پی آئی اے انتظامیہ نے اس بات کا عہد کیا ہے کہ وہ کارکنوں کے تعاون سے قومی ایئر لائن کی مکمل بحالی کا عمل پورا کرے گی۔
تازہ ترین