• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعلیمی اداروں میں طلباءیونین کے حق میں ہیں، بلاول

تعلیمی اداروں میں طلباءیونین کے حق میں ہیں، بلاول

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی تعلیمی اداروں میں طلباءیونین کے حق میں ہے۔ طلباءجب میدان میں نکلتے ہیں تو آمروں کو پسپائی اختیار کرنا پڑتی ہے۔ طلباءیونین اس لئے بھی ضروری ہے کہ نوجوان تعلیمی اداروں میں ہی تعلیم کے ساتھ ساتھ سیاسی شعور کی آگاہی حاصل کریں۔

جمعرات کو زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پی ایس ایف پنجاب کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ایس ایف کی شاندار تاریخ رہی ہے۔ پی ایس ایف کے کارکنوں نے جنرل ضیاءکی آمریت کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ تکلیفیں، تشدد اور جیلیں برداشت کیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ طلباءمیری طاقت ہیں ان کی طاقت سے ہم سماج تبدیل کریں گے۔ پیپلزپارٹی معاشرے میں جمہوری کلچر، معاشی انصاف کے لئے جدوجہد کر رہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں کی یہ تاریخ رہی ہے کہ ملک اور قوم کے لئے پہلے قربانی پارٹی قیادت دیتی ہے اور پھر کارکن قربانی کی تاریخ رقم کرتے ہیں۔

بلاول نے کہا کہ طلباءہی مستقبل کے معمار ہیں ان میں سے کسی کو سیاستدان بن کر قوم کی رہنمائی کرنی ہے اور دیگر شعبوں میں بھی اپنی اہلیت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ اس لئے تعلیمی اداروں میں طلباءیونین کے انتخابات سے مثبت تبدیلی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو بھی آکسفورڈ میں طلباءیونین کی صدر رہیں۔انہوں نے پی ایس ایف کے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ تعلیمی اداروں میں امن، جمہوری کلچرکے لئے کام کریں۔

تازہ ترین