اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری نثار علی خان آج جمعہ کے روز چکلالہ ویلفیئر سٹی کا افتتاح کرینگے۔ راولپنڈی کے گنجان آباد علاقے میں واقع اس میگا پروجیکٹ میں پبلک پارک، پارکنگ ایریاز، خصوصی بچوں کیلئے مختص ایریاز، جاگنگ ٹریک، کرکٹ گرائونڈ، فٹبال گرائونڈ، بیڈمنٹن کورٹ، ہسپتال اور قبرستان سمیت دیگر سہولیات شامل ہیں۔ اس منصوبے کا سنگ بنیاد اپریل 2017ء میں رکھا گیا۔ یہ علاقہ چوہدری نثار کے حلقے میں شامل نہیں تاہم انہوں نےعوام کے اس دیرینہ مطالبے کو پورا کیا اور 860کنال پر محیط سرکاری زمین کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا۔ اس پارک میں مختلف سہولیات کی فراہمی پر اب تک تقریباً ساڑھے 16کروڑ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں۔ 200کنال پر مشتمل باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت بنائے جانیوالے قبرستان میں ساڑھے گیارہ کروڑ لاگت سے جنازہ گاہ، طہارت خانہ، گارڈ روم، تدفین کے سامان پر مشتمل سٹور، دو کوارٹرز، پارکنگ ایریاز اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔ میتوں کو قبرستان پہنچانے کیلئے 3ایمبولینس وین بھی اسی منصوبے کا حصہ ہیں۔ منصوبے کے دوسرے مرحلے میں 650بستروں پر مشتمل ہسپتال کی تعمیر عمل میں لائی جائیگی۔ چکلالہ ویلفیئر سٹی کے افتتاح کے ساتھ یونین کونسل دھاماں سیداں میں ساڑھے چار کروڑ لاگت سے صحت کے بنیادی مرکز کا افتتاح بھی جمعہ ہی کے روز کیا جائیگا۔ یہاں میڈیکل افسران و سٹاف کی رہائشگاہ، سنٹر سے متعلقہ ضروری مشینری، واٹر سپلائی و واٹر ٹینک اور تربیت یافتہ سٹاف کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا گیاہے۔