• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

3؍ ماہ کی تاخیر کے بعد وی سی کوئیسٹ نوابشاہ کے انٹرویوز آج ہونگے

3؍ ماہ کی تاخیر کے بعد وی سی کوئیسٹ نوابشاہ کے انٹرویوز آج ہونگے

کراچی (محمد عسکری / اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ ہائوس کے ماتحت محکمہ بورڈ و جامعات کی سُست کارکردگی کے باعث قائد عوام انجینئرنگ یونیورسٹی (کوئیسٹ) نوابشاہ کے وائس چانسلر کے عہدے کیلئے انٹرویوز 3؍ ماہ کی تاخیر سے جمعہ 25؍ مئی کو منعقد ہوں گے۔ محکمہ بورڈ و جامعات جس طرح سندھ کے 8؍ تعلیمی بورڈز میں ناظم امتحانات اور سیکرٹریز کی تقرری کرنے میں ناکام رہا، یہی سلسلہ اب جامعات کے امور میں بھی برقرار رکھا گیا ہے۔ کسی بھی یونیورسٹی میں وقت پر وائس چانسلر مقرر نہیں ہوتا۔ قائد عوام یونیورسٹی نوابشاہ کے وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالکریم بلوچ کی مدت ختم ہوئے 3؍ مہینے سے زیادہ کا وقت گزر چکا ہے لیکن اس دوران وقت پر اسامی کیلئے اشتہار جاری نہیں کیا گیا جس کے باعث گورنر ہائوس اور وزیراعلیٰ ہائوس میں قائم مقام وائس چانسلر کے تقرر کے سلسلے میں اختلافات بھی ہوگئے۔ پہلے ڈاکٹر بشیر احمد کو قائم مقام وائس چانسلر مقرر کیا گیا لیکن اعتراضات اٹھے تو سلیم رضا سموں کو قائم مقام بنا دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ قائد عوام انجینئرنگ یونیورسٹی نوابشاہ کے وائس چانسلر کے عہدے کیلئے 17؍ امیدواروں نے درخواستیں دی ہیں جن کے انٹرویو سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے دفتر میں جمعہ 25؍ مئی کو ہوں گے۔ انٹرویوز تلاش کمیٹی کرے گی۔ 17؍ امیدواروں میں ڈاکٹر امداد اسماعیلی، ڈاکٹر بشیر میمن، سلیم رضا سموں، دائود انجینئرنگ یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پیر روشن دین شاہ راشدی اور دیگر شامل ہیں۔ دریں اثناء کو لاڑکانہ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے کیلئے انٹرویوز بھی جمعہ کو ہی ہوں گے۔

تازہ ترین