• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر اور گرد و نوا ح میں ناجائز منافع خوری کا سلسلہ برقرار

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر، روہڑی سمیت گرد و نواح کے علاقوں میں ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کی جانب سے اشیائے خورد و نوش کے من مانے نرخوں کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے۔ اہم تجارتی مارکیٹوں میں واقع دکاندار کھانے و پینے کی اشیاء بالخصوص پھل و فروٹ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرکے ناجائز منافع کمارہے ہیں، دکانداروں کی جانب سے سرکاری سطح پر مقرر کردہ نرخ ناموں کے بجائے اپنی مرضی سے اشیائے خورد و نوش اور اشیائے ضرورت کی قیمتیں وصول کر نے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اس حوالے سے ایوان صنعت و تجارت کی قائمہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول اتھارٹی کے چیئرمین محمد کامل فاروقی نے مارہ رمضان المبارک میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کرنے کے رجحان کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماہِ رمضان کی آمد سے پہلے ہی اجناس، پھلوں، گوشت اور مرغی کے من مانے نرخ وصول کرنے کا جو سلسلہ شروع ہوا تھا وہ مزید تیز ہوتا جارہا ہے، اشیائے خورد و نوش کی مصنوعی قلت ظاہر کرکے ناجائز منافع خوری کی جارہی ہے، جس کا فوری تدارک کیا جانا چاہیے۔ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ سرکاری سطح پر مقرر کئے جانیوالے نرخ ناموں کے اشیائے خورد و نوش کی فروخت کو یقینی بنائے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف مستعدی سے کارروائی کی جائے اور رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں روزہ داروں کو مہنگائی کے عذاب سے محفوظ رکھنے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں۔
تازہ ترین