کراچی(اسٹاف رپورٹر)المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے سرپرست اعلیٰ سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر حاجی محمد حنیف نے کہاکہ یتیموں کی خدمت اوراُن سے محبت وشفقت مجھے اپنے ناناسے وراثت میں ملی ہے ،انہوںنے سعودیہ عرب شہر مدینہ میں مسجد نبوی سے متصل اُس وقت یتیموں کے لئے ایک دارالیتامیٰ قائم کیا تھا جس زمانے میں وہاںسونااور پیٹرول دریافت نہیں ہواتھاوہ زمین اُنہوں نے مسجد نبوی کی توسیع کے لئے وقف کردی تھی۔اس حوالے سے جو کچھ ہم اپنے بزرگوں سے سنتے رہے کہ غریب،یتیم ،مسکین ،مستحق کی مددکرناچاہیے یہ جذبہ آج میرے اندربیدارہے اورآج میں،اسی جذبے کے تحت میراگھر المصطفیٰ (یتیم خانہ )کی سرپرستی کررہاہوںاور یتیموں کے سرپر دست شفقت رکھ رہا ہوں۔مجھے خوشی ہے کہ المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے تحت جس قدرادارے قائم ہیں وہ بھرپوراندازمیں عوام کی فلاح وبہبودمیں پیش پیش ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوںنے ایک شام یتیم بچوں کے نام سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرالمصطفیٰ کے صدرڈاکٹر عبد الرحیم،جنرل سیکریٹری عبد الغنی سلیمان،الیاس میمن،معین خان،عبد الغفارسعیدی،فرحان اشرفی ،سفیان عبدالرحیم ودیگر بھی موجودتھے۔حاجی محمد حنیف طیب کامزیدکہناتھاکہ المصطفیٰ طبی ،تعلیمی اور سماجی لحاظ سے ایک مکمل فلاحی ادارہ ہے جہاں غریبوں، یتیموں،بیواؤں،مسکینوں اور ناداروں بھر پو رمددفراہم کی جاتی ہے۔المصطفیٰ کا یہ بھی کام ہے کہ وہ معاشرے کے ٹھکرائے ہوئے بزرگوں اور عمر رسیدہ مردوخواتین کو گوشہ فاطمہ اور گوشہ امیر حمزہ کے گوشہ عافیت فراہم کرکے انہیں پرسکون زندگی گزارنے کا موقع دے رہے ہیں المصطفیٰ یتیموں اور معاشرے کے کمزورافرادکے لئے خوشی کی نوید ہے۔انہوںنے مخیر حضرات سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ بھی المصطفیٰ کے ساتھ دامے ،درمے،قدمے ،سخنے تعاون کریں۔