• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر و روہڑی سمیت دیگر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار، عوام مشکلات سے دوچار

سکھر و روہڑی سمیت دیگر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار، عوام مشکلات سے دوچار

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر، روہڑی سمیت گرد و نواح کے علاقوں کو گرمی کی شدید لہر نے بدستور اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، تپتی دھوپ اور گرم ہوائیں چلنے کے باعث دوپہر کے وقت شاہراہوں و تجارتی مراکز میں سرگرمیاں معمول سے انتہائی کم دکھائی دے رہی ہے۔ سکھر، روہڑی، صالح پٹ، کندھرا، سنگرار، علی واہن، بچل شاہ میانی، اروڑ، باگڑجی سمیت دیگر علاقے گزشتہ کئی دن سے گرمی کی شدید لہر کی لپیٹ میں ہیں، بالخصوص دوپہر کے وقت گرمی کی شدت میں بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، گرم ہوائیں چلنے اور تپتی دھوپ کے باعث دوپہر کے وقت تجارتی مراکز منارہ روڈ، ایوب گیٹ، ریس کورس روڈ، ملٹری روڈ، ورکشاپ روڈ، بندر روڈ، گھنٹہ گھر چوک، شہید گنج، صرافہ بازار، بیراج روڈ ودیگر میں کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی، بیرون شہر سے خریداری کے لئے آنیوالے افراد گرمی کی شدت سے نڈھال نظر آئے۔ اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بھی معمول سے انتہائی کم رہی، تپتی دھوپ اور گرم ہوائیں چلنے کے باعث لوگوں کی بڑی تعداد نے دوپہر کے وقت گھروں، دکانوں پر رہنے کو ترجیح دی۔ لوگوں کی بڑی تعداد دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری کام کاج کرنے کے بجائے سورج ڈھلنے کا انتظار کرتی ہے اور شام گئے جب گرمی کی شدت میں کچھ کمی واقع ہوتی ہے تو پھر لوگ گھروں، دکانوں یا دفاتر سے باہر نکل کر اپنے ضروری کام نمٹاتے ہیں۔ شدید گرمی اور تپتی دھوپ میں بیرون شہر سفر کرنیوالے افراد کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سفر کے دوران لوگ اپنے سروں کو کپڑے سے ڈھانپ کر گرمی سے بچنے کی کوشش کرتے ہوئے دکھائی دیئے۔

تازہ ترین