کراچی(اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ اورسابق صدرمملکت آصف علی زرداری نے کہاہے کہ آئندہ انتخاب میں اکثریت ملنا عمران خان کا خواب ہی رہے گا، امید ہے اس مرتبہ آر او الیکشن نہیں ہونگے، کوئی جماعت اکثریت حاصل نہیں کر پائے گی۔ انہوں نے 24؍ سال بعد پارلیمانی سیاست میں واپسی کا فیصلہ کرتے ہوئے نوابشاہ سے اپنی آبائی نشست سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی انتخابات میں بھرپور حصے لے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلی ہاؤس کراچی میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی جانب سے اپنی اپنی حکومتی کارگردگی سے متعلق پارٹی قیادت کوبریفنگ دینے کے موقع پرصحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ایم این اے فریال تالپور،خورشید شاہ،رحمن ملک، فرحت اللہ بابر اور پیپلزپارٹی کے دیگرمرکزی اورصوبائی رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں نواب شاہ سے انتخابات لڑوں گا۔ انہوں نے کہاکہ لیاری بھی حلقہ انتخاب ہوسکتا تھا مگر پھر ایک نمبر کم ہوجاتا، ان کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں کسی جماعت کو بھی اکثریت نہیں ملے گی اورعمران خان کو اکثریت ملنے کے دعوے خواب ہی رہیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ سیاسی طاقتیں اور جمہوریت ہی دہشت گردی کا علاج ہیں، فاٹا کا انضمام پاکستان اور عوام کے حق میں ہے لیکن کچھ لوگ اپنے ذاتی ایجنڈے کے مطابق اسکی مخالفت کرتے آئے ہیں، فاٹا انضمام ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی سوچ تھی، ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں فاٹا میں سیاست شروع ہوئی۔ انہوں نے کہا تھا کہ 10 سال میں وہ فاٹا کا انضمام صوبے کے ساتھ کردینگے، بےنظیر بھٹو فاٹا انضمام کا معاملہ عدالت لے کر گئیں، جب میں صدر تھا تو ایوان صدر میں جرگہ بلایا تھا۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں الیکشن کمیشن کو مضبوط بنانا ہے، امید کرتے ہیں کہ اس مرتبہ آر او الیکشن نہیں ہوں گے اور الیکشن کمیشن صاف و شفاف انتخابات کراکے عوام کے اعتماد پر پورا اتریگی۔