اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے، خصوصی نامہ نگار ) گلگت بلتستان آرڈر 2018 غیر آئینی اوربنیادی شہری حقوق کے منافی اقدام ہے،گلگت بلتستان کی عوام نے زبردستی کے آرڈر کو مسترد کردیا ہے،مجلس وحدت مسلمین آئینی حقوق کی جدوجہد میں گلگت بلتستان کی عوام کے ساتھ ہے، ان خیالات کا اظہار سربراہ مجلس وحدت المسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اسلام آباد پریس کلب کے باہر میڈیا ٹاک میں کیا، ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام اپنا آئینی حق مانگ رہے ہیں،ایک ایسے شخص کو جسے وہاں کی عوام نے منتخب ہی نہیں کیا اسے وسیع اختیارات دے کر گلگت بلتستان کی عوا پر وائسرائے بنا دیا گیا ہے ۔گلگت بلتستان کے حالات ایک بار پھر خراب کئے جا رہے ہیں۔ ،گلگت بلتستان ایک حساس علاقہ ہے،مقتدر قوتیں ہوش کے ناخن لیں اور عوام کی آواز کو سنیں، انہوں نے کہا کہ محب وطن گلگت بلتستان کے لوگ پاکستان کی شناخت لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ آج گلگت بلتستان میں عوام سراپا احتجاج ہیں اورنااہل نواز شریف کا نمائندہ حفیظ الرحمان کی حکومت عوام پر لاٹھیاں برسا رہی ہے۔