• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

 گزشتہ دنوں حلقات تحفیظ القرآن الامیر فیصل بن سعید ریاض کی سالانہ تقسیم اسناد و انعامات کی تقریب کا انوقاد کیا گیا،جس سےسفارت خانہ پاکستان کے ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن پاک کی تعلیم ہر نسل کے لئے نہایت ضروری ہے ۔ قرآن پاک مکمل ضابطہ حیات ہے ،اس میں اللہ تعالیٰ نے انسان کو زندگی گزارنے کے اصولوں سے روشناس کروایا ہے۔ نائب مشرف العام مولانا عبدالمالک مجاہد کا کہنا تھا کہ قران پاک حفظ کرنیوالے بچے ایسے باغیچے ہیں جن سے مزید پھول کھلیں گے اور قرآن کی تعلیمات ہر طرف پھیلیں گی۔ تقریب کی نظامت فیصل علوی نے کی اور کہا کہ اس سال مجموعی طور پر 146 بچوں نے قرآن پاک حفظ کیا۔ تقریب میں بچوں کو اسناد، اعزازی شیلڈ اور ڈیجیٹل قران پاک کے تحائف دئیے گئے۔ 45 بچوں نے سنہری دعائیں حفظ کرنے پر اسنادبھی وصول کیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی سابق وکیل سعودی وزارت داخلہ ڈاکٹر عبدالرحمن المحضوب تھے۔

قرآن پاک مکمل ضابطہ حیات ہے
امجد صدیقی، سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق سے اعزازی ایوارڈ وصول کررہے ہیں

ایام حج پر حجاج کرام کی رضاکارانہ خدمت کرنے والے افراد کے اعزاز میں گزشتہ دنوں پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ میں رضا کاروں میں سرٹیفکیٹ دینے کے لیے ’’پاکستان حج والنٹیئرز گروپ‘‘ کی تقریب منعقدہوئی، جس میں سیکڑوں رضا کاروں نے شرکت کی۔اس تقریب کے بھی مہمان خصوصی ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ تھے، جبکہ دیگر معززین شہر بھی رضا کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے موجود تھے۔ حج گروپ کے کوآرڈینیٹر انجینیئر یوسف اسماعیل نے بتایا کہ پاکستانی کمیونٹی پر مشتمل رضا کار گروپ 2012 میں تشکیل دیا گیا تھا۔اُس وقت رضا کاروں کی تعداد محض ڈیڑھ سو افراد پر مشتمل تھی،مگر آج الحمدللہ تقریباًسولہ سوپاکستانی رضا کار حج کے موقعے پر خدمات سرانجام دیتے ہیں۔ان رضا کاروں کو تربیت دی جاتی ہے اور انہیں نقشہ جات کے ذریعے معلومات فراہم کی جاتی ہیں، جن کی مدد سے پاکستانی رضا کار حجاج کرام کو خیموں تک رسائی، بیمار اور معذور حجاج کو وہیل چیئر پر حج کروانے اور ان کی رہائش گاہوں تک رسائی شامل ہے۔

رضا کاروں نےدوسال قبل سانحہ منیٰ کے موقعے پر سعودی حکومت کے ساتھ مل کرکام کیاتھا۔حج 2018 کے لیےبھی پاکستانی رضا کار بھرپور رضاکارانہ خدمات سرانجام دیں گے۔ اس حوالے سے رمضان المبارک کے بعد رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا جائیگا۔ ناصریہ ا سکول کے پرنسپل پروفیسر طاہر رضا نے خطاب میں کہا کہ انہیں اس با برکت محفل میں شرکت کرکے بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے کیونکہ یہ اُن لوگوں کی محفل ہے جو انسانیت کی اپنی دل وجان کے ساتھ خدمت کرتے ہیں۔ ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ کا کہنا تھا کہ پا کستانی حج رضا کاروں کو اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہئے کہ اُس نے ان کو اپنے مہمانوں کی خدمت کیلئے چنا ہے۔ میں مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ آپ نے اتنی اچھی تقریب سجائی ہے۔ بطور سفارت کار میرے لئے بھی یہ خوشی کا باعث ہے کہ جس طرح آپ لوگ عوام الناس کی خدمت کرتے ہیں، اس سے ملک کی نیک نامی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔سفارت خانہ پاکستان اور ویلفیئر وِنگ ہر طرح کی سہولیات فراہم کر رہا ہے اور آئندہ بھی بھرپور طریقے سے ساتھ دے گا۔تقریب کی نظامت ابرار تنولی نے سرانجام دی۔

قرآن پاک مکمل ضابطہ حیات ہے
سراج آدمجی نظامت کرتے ہوئے جبکہ اقبال تاجر، طیب موسانی اور دیگر مہمان ہمہ تن گوش ہیں

  گزشتہ دنوں ’’ورلڈ میمن ڈے‘‘ کے موقعےپر میمن ایسوسی ایشن سعودی عرب (ماسا)کی جانب سے تقریب کا اہتمام جدہ کے مقامی ہوٹل میں کیا گیا،جس میں میمن کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ بزنس کمیونٹی اور صحافی برادری نے بھی شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت احمد کمال مکی نے حاصل کی۔ حمد باری تعالیٰ اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم بالترتیب احمد عرفان کولسا والا اور محمد جاوید اشرف نے پیش کی۔ مہمان خصوصی محمد یوسف میمنی اور محمد امین میمنی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ میزبانی کے فرائض سراج آدمجی اور محمد سراج لالہ نے اردو اور میمنی زبان میں ادا کئے جسے حاضرین محفل نے بے حد پسند کیا۔

’ماسا‘ کے سیکریٹری جنرل طیب موسانی نے اپنے خطاب میں ماسا کی کارکردگی کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی اور کہا کہ ہمارا نصب العین لوگوں کی خدمت کرنا ہے ۔ ماسا ایک منظم طریقے سے انسانیت کی خدمت کررہی ہے۔ اس کام میں ہمارے ساتھ اس وقت برادری کے بہت سارے لوگوں کا تعاون حاصل ہے۔ میمن کمیونٹی کا کہناہے کہ دنیا بھر میں جہاں دیگر ایام منانے کا رواج ہے وہیں آج کے دن کو ہم ’میمن ڈے‘ کے طور پر مناتے ہیں۔ 10سال قبل میمن ویلفیئر فورم تشکیل دیا گیاتھا اور آج فورم کی 10ویں سالگرہ ہے ۔ اس موقع پر تمام مہمانوں کو شال اور گلدستہ پیش کیا گیا۔ 

قرآن پاک مکمل ضابطہ حیات ہے
عبدالشکور شیخ رضاکار کو حوصلہ افزائی سند دے رہے ہیں

تقریب میں دسویں سالگرہ کاکیٹ کاٹا گیا۔ اس موقعے پر ماسا کے صدر عرفان حاجی احمد کولسا والا نے اپنے خطاب میں کہا کہ میمن کمیونٹی دنیا بھر میں بسے اپنے لوگوں کو پیغام دیتی ہے کہ وہ جہاں بھی رہیں ایک ہیں اور رہیں گے۔ مہمان خصوصی محمد یو سف میمن اور محمد امین میمن نے پروگرام کو بیحد سراہا۔اس تقریب میں احمد کمال مکی، عبدالقادر افریقہ والا، محمدسراج آدمجی اور عبدالقادر تیلی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اختتامی کلمات عبدالرشید قاسمانے پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن میمن برادری کیلئے انتہائی اہمیت کاحامل ہے اور ہم تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

تازہ ترین