• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

 اسپین کے تیسرے بڑے شہر ویلنسیا میں پاک ویلنسیا ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ’’ رمضان المبارک کی برکتیں ‘‘ کے عنوان سے ایک کانفرنس کاانعقادکیاگیا، جس میں فرزندان توحید کی کثیر تعداد شریک ہوئی ۔ کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، جس کی سعادت ڈاکٹر علامہ احسان خطیب جامع مسجد رضائے مصطفی مسلات نے حاصل کی ۔ویلنسیا میں پاکستانی کمیونٹی کی تعداد لگ بھگ بارہ ہزار ہے ، اس شہر میں مقیم پاکستانی زیادہ تر زراعت کے شعبہ سے منسلک ہیں اور کچھ ڈونر کباب اور جنرل اسٹورز کے ساتھ ساتھ حلال ریسٹورنٹس بھی بنائے گئے ہیں ۔ ان پاکستانیوں نے مل کر ایک پلیٹ فارم بنایا ہے جس سے بیمار اور لاچار پاکستانیوں کا علاج ، ویلنسیا میں وفات پانے والے پاکستانیوں کی میتوں کو پاکستان کو پہنچانا ،تدفین کمیٹی اور ایسے پاکستانی جن کے پاس نوکری نہیں ہے اور وہ گھر کا کرایہ دینے سے قاصر ہیں ان کے لئے پاکستان ہاؤس کے نام سے کچھ گھر مختص کئے گئے ہیں، جہاں وہ پاکستانی بغیر کرایہ دیئے رہائش رکھ سکتے ہیں ، جس پلیٹ فارم کے تحت یہ کام کیا جارہا ہے اس کا نام ’’ پاک ویلنسیا ایسوسی ایشن ‘‘ ہے اور رمضان المبارک کی برکتیں کے عنوان سے کانفرنس کا اہتمام بھی اسی ادارے نے کیا۔

ماہِ رمضان برکتوں والا مہینہ ہے
کانفرنس کے شرکاء

 ’’ پاک ویلنسیا ایسوسی ایشن ‘‘ کے چیئر مین مہر جمشید احمد نے کانفرنس میں خطاب کرنے کے لئے نوجوان اسکالر اور اسپین میں مقیم خطیب علامہ ظفر عباس طاہر سندھو کو خصوصی طور پر ویلنسیا مدعو کیا تھا ۔ کانفرنس کا اہتمام مقامی مسجد رضائے مصطفٰی مسلات میں کیا گیا تھا۔ کانفرنس میں دین سے آگاہی اور رمضان المبارک کی اہمیت سے روشناس کرانے کے لئے پاکستانی کمیونٹی نے اپنے بچوں کو ساتھ شرکت کی ۔ کانفرنس کے انتظامات کو حتمی شکل شاہد حمید آرائیں اور ظفر گجر نے دیے تھے، جو کانفرنس کے دوران تمام انتظامات کو دیکھتے رہے ۔

ماہِ رمضان برکتوں والا مہینہ ہے
علامہ ظفر عباس طاہر سندھو خطاب کررہے ہیں

پاکستانی بچوں نے اس موقعے پر نعتیہ اشعار پڑھے جس پر حاضرین درود و پاک کا ورد کرتے رہے ۔نوجوان اسکالر علامہ ظفر عباس طاہر نے رمضان المبارک کی برکتوں پر مفصل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان برکتوں والا مہینہ ہے۔ اس ماہ کی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قرآن مقدس کا نزول اسی پاک مہینے میں ہوا، رمضان المبارک کی فضیلت اور اس کے تقاضے یہ ہیںکہ اللہ تعالیٰ نے اس ماہِ مبارک کی اپنی طرف خاص نسبت فرمائی ہے۔رمضان کا پہلا عشرہ رحمت، دوسرامغفرت اورتیسرا جہنم کی آگ سے نجات کا ہے۔روزہ وہ عظیم فریضہ ہے جس کو رب ذوالجلال نے اپنی طرف منسوب فرمایا ہے اور قیامت کے دن رب تعالیٰ اس کا بدلہ اور اجر بغیر کسی واسطہ کے بذات خود روزہ دار کو عنایت فرمائیں گے۔

ماہِ رمضان برکتوں والا مہینہ ہے
’’ رمضان المبارک کی برکتیں ‘‘ کے عنوان سے کانفرنس کا منظر

خداوند کریم نے اپنے بندوں کے لئے عبادات کے جتنے بھی طریقے بتائے ہیں ان میں کوئی نہ کوئی حکمت ضرور پوشیدہ ہے۔ نماز خدا کے وصال کا ذریعہ ہے۔ اس میں بندہ اپنے معبودِ حقیقی سے گفتگو کرتا ہے۔ بعینہ روزہ بھی خدا تعالیٰ سے لَو لگانے کا ایک ذریعہ ہے۔حدیث مبارک میں ہے کہ رمضان اللہ تعالیٰ کا مہینہ ہے، یہ مبارک مہینہ دوسرے مہینوں سے ممتاز اور جدا ہے۔کانفرنس کے اختتام پر درود و سلام پڑھا گیا ۔کانفرنس کے انعقاد میں ارشد چب ،مہر جمشید احمد ، شاہد حمید آرائیں ، ظفر گجر ، انعام الحق ، نوید احمد ہنجرا ،مظہرمسعود گوندل ، علی چیمہ ، محمد اشفاق تارڑ ، گل تاسب لادھی ، حاجی محسن ہنجرا اور دوسرے پاکستانیوں نے بھر پور شرکت کی ۔

تازہ ترین