پاک بحریہ کے فائر ٹینڈرز نے تربت شہر میں مکران پلازہ کے قریب آئل ڈپو میں لگنے والی آگ پر بر وقت قابو پا لیا ۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق گزشتہ شب آئل ڈپو میں آگ بھڑگ اٹھی، آتشزدگی کے وقت ڈپو میں بڑی مقدار میں آئل کا ذخیرہ موجود تھا جو ہولناک تباہی کا باعث بن سکتا تھا۔
تربت کی مقامی انتظامیہ کی درخواست پر پاک بحریہ نے پی این ایس صدیق سے آگ بجھانے کے لئے فائر ٹینڈرز روانہ کئے جس کے بعد پاک بحریہ اور مقامی انتظامیہ کے فائرٹینڈرز نے تین گھنٹے کی مسلسل کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
پاک بحریہ اور مقامی انتظامیہ کی بروقت کاروائی سے قریبی آئل ڈپوز آگ سے محفوظ رہے۔ اس موقع پر تربت کی مقامی انتظامیہ نے بروقت امداد پر پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا۔