• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نومولود مغوی بچے کو ایک ماہ میں بازیاب کیا جائے، عدالت عالیہ

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بینچ نے سول اسپتال کے گائنی وارڈ سے نومولود بچے کے اغوا اورعدم بازیابی کے حوالے سے دائر درخواست پرایس ایس پی حیدرآباد کو بچے کی بازیابی کے لئے ایک ماہ کی مہلت دیدی ہے، ایم ایس سول اسپتال حیدرآباد کی جانب سے اسپتال کی ایکسرے مشین، سی سی ٹی وی کیمروں ودیگرآلات کی خرابی پر عدالتی احکم کے باوجود فنڈز اورآلات فراہم نہ کئے جانے کی شکایات پر سیکریٹری صحت کو ایک ماہ میں فنڈز فراہم کرنے اورسول اسپتال جامشورو میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی کی درخواست پر چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو کو ایکسپریس فیڈر لگاکر رپورٹ پیش کرنے کاحکم دیتے ہوئے سماعت 3جولائی تک ملتوی کردی ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بینچ میں سیکھاٹ کی رہائشی غلام سکینہ کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ 9اکتوبر کو اس نے گھر میں صحت مند بچے کوجنم دیاتھا ، زچگی کے دوران پیچیدگی کے باعث اسے سول اسپتال کے گائنی وارڈ میں داخل کیاگیا جہاں 10اکتوبر کو شوہر اللہ بخش ودیگرگھروالے نومولود بیٹے کو دودھ پلوانے لائے تھے جہاں وارڈ سے بیٹا اغوا ہوگیا ۔ عدالتی احکامات کے باوجود پولیس 2سال گذرنے کے باوجود بیٹے کو بازیاب نہیں کراسکی ہے، دو جے آئی ٹی بھی بن چکی ہیں لیکن کچھ نہیں ہوا ۔ عدالتی احکامات پر پیر کو تیسری مرتبہ ایس ایس پی حیدرآباد پیش ہوئے اور اپنے جواب میں کہا کہ پولیس بچے کو تلاش کررہی ہے، لیکن بچہ ابھی تک ملا نہیں ہے، بچے کی بازیابی کے لئے مزید ایک ماہ کی مہلت دی جائے ۔عدالت نے ایس ایس پی کی درخواست پرانہیں ایک ماہ کی مہلت دیدی ہے۔ عدالت میں ایم ایس سول اسپتال عبدالوہاب ودھو نے کہا کہ عدالت نے اس کیس میں سول اسپتال میں ایکسرے سمیت علاج میں دیگر استعمال ہونے والی مشینوں، آلات اور سی سی ٹی وی کیمروں کی کمی پر سیکریٹری صحت کوان کی فراہمی اورفنڈز دینے کاحکم دیاتھا لیکن عدالتی احکامات کے باوجود ابھی تک صورتحال جوںکی توں ہے۔ اس پر جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو اورجسٹس شمس الدین عباسی نے سیکریٹری صحت کو حکم دیا کہ ایک ماہ میں درکار فنڈز سول اسپتال کو دیئے جائیں، ایم ایس نے عدالت کو بتایا کہ سول اسپتال حیدرآبادمیں بلاتعطل بجلی کی فراہمی کاانتظام ہے لیکن سول اسپتال جامشورو میں نہیں ہے جس کے باعث آپریشن اور مریض شدید متاثر ہوتے ہیں، سول اسپتال جامشورو میں بھی ایکسپریس فیڈر کی تنصیب کا حکم دیاجائے، عدالت نے سی ای او حیسکو کو جامشورو سول اسپتال میں ایک ماہ میں ایکسپریس فیڈر لگانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 3جولائی تک ملتوی کرکے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
تازہ ترین