• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوادر ،پنجاب حکومت پاک بحریہ کالج کے قیام کے لیے مالی معاونت فراہم کرے گی

گوادر ،پنجاب حکومت پاک بحریہ کالج کے قیام کے لیے مالی معاونت فراہم کرے گی

پاک بحریہ اور حکومت ِ پنجاب کے درمیان گوادر میں بحریہ ماڈل کالج کے قیام کے معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔اس سلسلے میں لاہور میں واقع وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے دفتر میں ایک تقریب منعقد ہوئی ۔

معاہدے کے تحت حکومت ِ پنجاب گوادرمیں بحریہ ماڈل کالج کی تعمیر کے لیے فنڈ فراہم کرے گی تا کہ گوادر کی عوام کو معیاری تعلیمی سہولیات فراہم ہو سکیں۔

لاہور میں منعقدہ تقریب کے دوران وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے چیک پاک بحریہ کے حوالے کیا۔تعمیر کی تکمیل پر بحریہ ماڈل کالج گوادر، ساحلی مکینوں کے بچوں کو انٹرمیڈیٹ تک تعلیمی زیور سے آراستہ کرے گا۔ 

سیکرٹری اسکولز ڈاکٹر اللہ بخش اور ڈپٹی چیف آف دی نیول سٹاف ٹریننگ نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

قبل ازیں،وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے اپنے خطاب کے دوران تعلیم کے فروغ خصوصاً ساحلی علاقوں میں تعلیمی سہولیات کی دستیابی کے سلسلے میں پاک بحریہ کی کاوشو ں کو سراہا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے ملکی ترقی میں بحری تجارت کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور بحری سرحدوں کے دفاع اور ساحلی علاقوں کی مجموعی ترقی میں پاک بحریہ کی خدمات کو سراہا۔

پنجاب گورنمنٹ گوادر میںمزید اسکول اور کالجز بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ میری ٹائم سیکٹرکا ملک کی معیشت کو مظبوط بنانے میں اہم کردار ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے گوادر میں تعلیمی ادارے کے قیام کے سلسلے میں مالی معاونت فراہم کرنے پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بیش قدر مالی معاونت ساحلی علاقوں میں انسانی فلاح کے منصوبوں میں ایک اضافہ ہو گا۔

نیول چیف نے مزید کہا کہ پاک بحریہ مادرِ وطن کی بحری سرحدوں کی محافظ ہے اور ملک کے بحری اثاثوں کو بحری اقتصادیات میں بدل کر عوام الناس میں ان کے بارے میں آگہی پھیلانے کے عزم پر کار بند ہے۔

صوبائی وزراء ، پنجاب اسمبلی کے اراکین، کئی اہم رہنماءاور سینئر نیول آفیسرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تازہ ترین