اسلام آباد(نمائندہ جنگ) سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے میاں شہباز شریف کے بیان پر ردعمل کااظہار کیا ہے جس میں شہباز شریف نے ’’ چوہدری نثار کو کہا تھا کہ ان میں بچپنا ہے وہ بچوں کی طرح ناراض ہوجاتے ہیں ،منالیں گے‘‘ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ میاں شہباز شریف کو بچپنے اور سنجیدہ عمل میں فرق کا احساس ہی نہیں۔وہ پرانی باتوں کا تذکرہ کرنے کی بجائے موجودہ مشکل صورتحال سے نکلنے پر اپنی توانائیاں خرچ کریں، چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ بچپنا وہ عمل ہے جو انکی پارٹی قیادت اس وقت روا رکھے ہوئے ہے اور غیر سنجیدگی یہ ہے کہ بطور پارٹی صدر وہ اس کے مداوے کے لئے کچھ نہیں کر پا رہے۔ چوہدری نثار کےمطابق میرا میاں شہباز شریف کو مشورہ ہے کہ وہ تیس سال پرانی باتوں کا تذکرہ کرنے کی بجائے موجودہ گھمبیر اور مشکل صورتحال سے نکلنے پر اپنی توانائیاں خرچ کریں۔