کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر ) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی دشمن کے نشانے پر ہے، دشمن پاکستان کی معاشی شہ رگ کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے تاکہ پاکستان غیرمستحکم ہو، کراچی کو اس وقت باہمی رابطوں، امن اور ڈائیلاگ کی ضرورت ہے ، اس شہر کے مستقبل سے ہی ہمارے ملک کا مستقبل وابستہ ہے، حکومتوں اور تمام سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ شہر کو منظم ، خوشحال و پُر امن بنانے اور ترقی دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اگر کراچی سیاسی اور معاشی لحاظ سے مستحکم نہیں ہے تو پاکستان کو بھی سیاسی ومعاشی استحکام حاصل نہیں ہوسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ادارہ نورحق میں معززین شہر ،سیاسی رہنماؤں ، تاجروں ، صنعتکاروں ، وکلاء، صحافیوں،علماء کرام اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد کے اعزاز میں دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے مزید کہا کہکراچی عالمی سازشوں کا شکار رہا ہے اور اسلامی ممالک کی طرح کراچی بھی دشمنوں کے نشانے پر ہے، دشمن چاہتا ہے کہ کراچی کو تباہ کر کے ملک کو بھی تباہ کیا جائے اپنی مدت پوری کرنے والوں نے عوام سے کئے وعدے پورے نہیں کئے جنہوں نے زیادہ عرصے حکومت کی وہ سب سے زیادہ چلا رہے ہیں کہ عدالتوں میں انصاف نہیں، تعلیمی اداروں میں تعلیم نہیں، صحت کے مراکز میں صحت کی سہولت نہیں اپنے دور میں ان اداروں کو کیوں فعال نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ آج انسان چاند پر جاچکا ہے اور مریخ پر جانے کی تیاریاں کررہا ہے لیکن کراچی کے عوام کو پینے کا پانی تک میسر نہیں ، حکومتوں کے مفادات اور کرپشن کی وجہ سے کراچی میں پانی ،صحت، صفائی ، روزگاراور دیگر مسائل حل نہیں ہوئے، کراچی میں خوف کا ماحول رہا ہے ، 2018کا الیکشن اس شہر کے لوگوں کو موقع دے رہا ہے کہ ایسے لوگوں کو منتخب کریں جو کراچی کے مستقبل کو بنائیں اور سنواریں۔انہوں نے کہاکہ ملک میں جمہوریت اور انتخابات کو یرغمال بنایا جاتا رہا ہے اب یہ سلسلہ ختم ہونا چاہئے ، عوام کو آزادانہ اور صاف شفاف انتخابات کا ماحول ملنا چاہئے، ملک صرف جمہوری روایات کے ذریعے ہی ترقی کرے گا۔ ہم نگراں وزیر اعظم کو مبارکباد دیتے ہیں اور دعا ہےکہ اللہ انہیں کامیاب کرے اور شفاف الیکشن کرانے میں بھی وہ سرخرو ہوں۔