• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سارہ علی

اُمید ہے کہ اب تک آپ نے ہمارے بتائے ہوئے منفرد پکوانوں سے اپنی سحری اور افطاری کا اہتمام بہ خوبی کیا ہوگا ،اسی طر ح اس ہفتے بھی ہم آپ کو سحری اور افطاری کے کچھ خاص کچھ عام پکوان کی تراکیب بتا رہے ہیں ،انہیں بنا کر خود بھی مزے سے کھائیں اور گھر والوں کو بھی کھلائیں۔

تندوری پراٹھا

اجزا: آٹا ایک کپ ،میدہ ایک کپ ،خمیر ایک چائے کا چمچہ، نمک دو چائے کے چمچے،گھی، مکھن حسب ِضرورت۔

ترکیب: آٹا ، میدہ ، خمیر، نمک اور پسی چینی مکس کرکے پانی سے گوندھ کر بیس منٹ کے لئے ڈھک کر رکھ دیں۔ پیڑہ بنا کر روٹی بیل لیں۔تیل لگا کر روٹی کو رول کرلیں۔ اب جلیبی کی طرح پیڑہ بنائیں۔دوبارہ روٹی بیل کر اوون میں 200ڈگری پر رکھیں اور دس منٹ تک پکائیں۔ ایک حصہ پک جائے تو دوسرا حصہ پکا لیں۔مزے دار تندوری پراٹھا تیار ہے۔

بیف شامی کباب

اجزا:گوشت ایک کلو،چنے کی دال آدھا کلو،ثابت گرم مسالہ دو چائے کے چمچے ، پسی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ ،نمک ڈیڑھ چائے کا چمچہ،ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ،ثبات تلہار مرچ پانچ کھانے کے چمچے ،زیرہ ایک کھانے کا چمچہ،پیاز تین عدد،ہری مرچ آٹھ عدد،ہرا دھنیا تین گڈی،آئل ایک کپ، انڈے تین عدد،پانی چار کپ

ترکیب:گوشت، چنے کی دال، ثابت گرم مسالہ اور نمک کو چار کپ پانی میں ڈال کر چولہے پر رکھ دیں اور جب اُبال آجائے تو اس میں ثابت تلہار مرچ، پسی لال مرچ، ادرک و لہسن کاپیسٹ، پیاز اور زیرہ شامل کرکے ہلکی آنچ پر پکائیں۔ گوشت اور دال گَل جائے تو تیز آنچ پر پانی خشک کرلیں۔ اب اسے سِل بٹے یا چو پر میں باریک پیس لیں۔ پیاز، ہری مرچ اور ہرا دھنیا اچھی طرح ملا کر ٹکیاں بنالیں اور انڈہ لگا کر تیل میں فرائی کریں۔ کباب تیار ہیں۔

اسپینش آملیٹ

اجزا:گائے کا قیمہ ایک پائو ، انڈے چار عدد،پیاز(باریک کٹی ہوئی)ایک عدد،فرنچ بینز(چھوٹے کٹے ہوئے) چار عدد، آلو (ابلے اور چھوٹے کٹے ہوئے)دو عدد،کٹی ہوئی کالی مرچ ایک چائے کا چمچہ، پنیر(کدوکش)2 کھانے کے چمچے، بیسن آدھا چائے کا چمچہ،دودھ آدھا کپ ،نمک حسب ذائقہ، زیتون کاتیل ایک کھانے کا چمچہ ،تیل ایک چائے کا چمچہ۔

ترکیب: انڈوں کی سفیدیوں اور زردیوں کو الگ کرلیں۔ سفیدیوں کو بیڑکی مدد سے خوب پھینٹیں اور زردیوں کو الگ پھینٹ لیں اس میں آلو،پیاز،فرنچ ،بینز ،بیسن اور دودھ ملا لیں۔ فرائننگ پین کو تیل سے چکنا کریں ،پھر سفیدی پھیلائیں۔ اس پر زردی ،زیتون کا تیل ،پنیر،کالی مرچ اور نمک ملاکر چند منٹ تک پکائیں۔اور پلیٹ میں نکال لیں۔

سبزی کے پکوڑے

اجزا: آلو کوچھیل کر بالکل باریک باریک کاٹ لیں۔اسی طر ح پھول گوبھی کے بھی چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں ۔گوبھی کے ڈنڈھل کو چھری سے آلوئوں کی طر ح کاٹ لیں ،بینگن دھو کر چھیل لیں اور چھوٹے چھوٹے ٹکڑےکاٹ لیں ۔ درمیانے سائز کی پیاز باریک کاٹ لیں ،بند گوبھی کے تھوڑے سے لچھے کاٹ لیں ،ہرا دھنیا ،پودینااور سبز مرچیں اپنے حسب ِضرورت لے لیں ۔

ترکیب: تیارکی ہوئی ساری سبزیاں ملا لیں۔ بیسن میں حسب ِذائقہ سر خ مرچ اور نمک شامل کرکےسبزیوں میں ملا لیں ،سبزیوں میں بیسن ہلکا سا ہی لگائیں ،زیادہ بیسن لگانے سے پکوڑے سخت ہوجاتے ہیں ۔اس کے بعد بیسن ملی ہوئی سبزیوں میںایک چائے کا چمچہ گرم گھی اور میدہ شامل کرلیں ۔ایک چٹکی بینکنگ سوڈا بھی ملا لیں۔

یہ سب ملانے کے بعد بیسن کو اچھی طر ح پھینٹیں ۔ہلکی سی پانی کی چھینٹں مار دیں ۔یاد رکھیں زیادہ پانی نہیں شامل کریں ۔اب تیل گرم کریں اور درمیانی آنچ پر پکوڑے تلیں ۔پکوڑے تلتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ تیل زیادہ گرم نہ ہو ۔پہلے تیز آنچ پر تیل گرم کریں ،بعد میں دھیمی کردیں ،اس طر ح سبزیاں نرم ہو جائیں گی ۔

تکہ سموسہ

اجزا: چکن بریسٹ دو عدد،لیموں کا رس دو کھانے کے چمچے، تکہ مسالہ دو سے تین کھانے کے چمچے،سموسہ پٹی دس عدد، انڈہ ایک عدد (پھینٹا ہوا)،لہسن ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ ،نمک حسب ِضرورت۔

ترکیب: چکن بریسٹ پر اچھی طرح تکہ مسالہ لگا کر ایک گھنٹے کے لئے میری نیٹ کر لیں۔ایک پین میں دو سے تین کھانے کے چمچے تیل گرم کرکے اس میں چکن شامل کرکے پکائیں یہاں تک کہ چکن گل جائے۔اب اسے فوڈ پروسیسر میں پیس لیں اور باقی کے تمام اجزاء بھی شامل کردیں۔ پھر سموسہ پٹی میں چکن مکسچر رکھ کر سموسہ کی شکل میں فولڈ کریں اور انڈے کی مدد سے کناروں کو بند کر لیں۔گرم تیل میں سنہرا ہونے تک ڈیپ فرائی کریں۔افطاری میں کیچپ کے ساتھ گرم گرم سرو کریں۔

چکن چیز رول

اجزا: چکن بریسٹ آدھا کلو ،ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ، چیڈر چیز سو گرام ،درمیانی پیاز ایک عدد ،کالی مرچ کٹی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ، مسٹرڈ پیسٹ آدھا چائے کا چمچہ ،سر کہ دو چائے کے چمچے ،چلی ساس دو چائے کے چمچے ،سویا سوس دو چائے کے چمچے ،اجوائن آدھا چائے کا چمچہ، ہری مرچیں تین سے چار عدد، ہرا دھنیا آدھی گٹھی ،ڈبل روٹی کے سلائس تین عدد ،انڈے دوعدد،ڈبل روٹی کا چورا حسب ِضرورت، میدہ دو کھانے کے چمچے، کارن فلور دو کھانے کے چمچے، نمک حسب ِضرورت،تیل حسب ِضرورت۔

ترکیب: فرائی پین میں ایک کھانے کا چمچہ تیل ڈال کر اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ شامل کرکے درمیانی آنچ پر ایک سے دومنٹ تک فرائی کریں ،پھر اس میں چکن کی چھوٹی چھوٹی بوٹیاں ڈال دیں اور ڈھک کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ جب چکن کا پانی خشک ہو جائے تو اس میں نمک ،سرکہ ،سویا سوس اور چلی ساس ڈال کر ایک سے دومنٹ تک پکا کر چولہا بند کردیں۔ 

چاپرمیں ڈبل روٹی کے سلائس ،ہرا دھنیا اور ہری مرچیں ڈال کر چاپ کریں، اس کے بعد اس مکسچر کو چاپر سے نکال کر اس میں کالی مرچ اجوائن مسٹرڈ پیسٹ اور ایک پھینٹا ہوا انڈا شامل کریں اور اچھی طرح ملا لیں۔ 

چیز کو اسٹک کی طرح کاٹ لیں اور چکن مکسچر کا تھوڑا سا حصہ ہاتھ میں رکھیں اور اس کے درمیان میں چیز اسٹک رکھ کر رول بنا لیں۔انڈے کو پھینٹ کر اس میں میدہ اور کارن فلور ملا لیں۔ رول کو پہلے انڈے کے مکسچر میں ڈپ کریں، پھر ڈبل روٹی کا چورا لگا کر کڑاہی میں گرم آئل میں سنہری فرائی کرلیں۔

تازہ ترین