لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاہے کہ آئین کے آرٹیکل 62اور 63پر پورانہ اترنے والوں کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دینا پاکستان کی سا لمیت کے خلاف سازش ہے،میرے نزدیک 25جولائی کو الیکشن ہونا مسئلہ نہیں ہے میرے نزدیک مسئلہ یہ ہے کہ ڈاکووں کے راج سے نجات کیسے حاصل کی جائے،نواز شریف تین بار اقتدار میں آئے مگر انہوں نے ووٹ اور ووٹرز کو عزت نہیں دی۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے وطن واپسی پر لاہورائیرپورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ صرف نواز شریف اور ان کے خاندان کے افراد کے گرفتار ہوجانے سے مکمل نہیں ہوتا ، اس کے بعدسانحہ ماڈل ٹائون کاقاتل شہباز شریف اور پورا ٹولہ ہے جس نے دن دیہاڑے لاشیں گرائیں اور خون کے دریا بہائے اور پھر اس کے بعد نواز شریف اور شہباز شریف جیسے کرپٹ عناصر کو جنم دینے والے اس سسٹم کی اصلاح ہے،پھر کہیں بہتری کے آثار نمودار ہوں گے،چوراور ڈاکو جس پارٹی میں بھی چلا جائے وہ چور اور ڈاکو ہی ہوتا ہے ، وہ سو نقاب اوڑھ لے پارٹیاں بدل لے اس کی شناخت تبدیل نہیں ہوسکتی،نواز شریف اقتدار میں رہتے ہوئے اپنے وزراء کو کئی کئی ماہ نہیں ملتے تھے اوراپنے ایم پی ایز اور ایم این ایز سے ہاتھ ملانا پسند نہیں کرتے تھے، ووٹ کو عزت دو والا ڈرامہ برطرفی کے بعد شروع ہوا۔