• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر سول اسپتال ، گارڈز کا مریض کی عیادت کیلئے آنیوالے نوجوان پر تشدد

سکھر (بیورو رپورٹ) سول اسپتال سکھر کے سیکیورٹی گارڈز کا مریض کی عیادت کے لئے آنے والے نوجوان پر تشدد، متعدد گارڈز نے موٹر سائیکل کھڑی کرنے کی معمولی بات پر نوجوان کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے اس پر لاتوں، گھونسوں کی بارش کردی۔ نوجوان اپنے کسی عزیز کی عیادت کے لئے اسپتال آیا اور پارکنگ میں موٹر سائیکل کھڑی کرنے کے معاملے پر گارڈ سے تلخ کلامی ہوگئی جس پر گارڈز کے دیگر ساتھیوں نے بھی نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس کی شکایت متاثرہ نوجوان کی جانب سے اسپتال انتظامیہ کو کی گئی لیکن انتظامیہ نے کسی قسم کا کوئی نوٹس نہیں لیا ۔ انتظامیہ کا موقف جاننے کے لئے متعددمرتبہ کوشش کی گئی تاہم بتایا گیا کہ ایم ایس موجود نہیں ہیں اور آر ایم او صاحب راؤنڈ پر ہیں ۔ عمران نامی نوجوان سول اسپتال میں اپنے عزیز کی عیادت کے لئے آیا تو سیکورٹی گارڈ نے موٹر سائیکل کی پارکنگ سے روکا جس پر سیکورٹی گارڈ اور نوجوان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور بات بڑھتے بڑھتے ہاتھا پائی تک جاپہنچی، سیکورٹی گارڈز نے مبینہ طور پر بدتمیزی کئے جانے پر نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا، دیگر لوگوں کی مداخلت پر نوجوان کو چھوڑ دیا گیا۔
تازہ ترین