راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی میں پانی کا بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے خانپور ڈیم میں بھی پانی کی سطح انتہائی کم سطح پر آگئی ہے۔ مگر اس بحران کے خاتمہ اور شہریوں کو ان کی ضرورت کے مطابق پانی کی فراہمی کیلئے کسی بھی سطح پر منصوبہ بندی کا فقدان نظر آتا ہےشہر اور ینٹ ایریاز میں پانی کی قلت میں ہر آنے والے دن میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔واسا اور کینٹ انتظامیہ سے پانی کا ٹنکر حاصل کرنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہو چکا ہے ،واسا کی طرف سے 6ماہ قبل چکلالہ کینٹ کے ایریاز میں لگائے جانے والےچار ٹیوب ویل تاحال کینٹ انتظامیہ کے حوالے نہیں کئے جاسکے جس کے نتیجہ میں ان ٹیوب ویل کے ذریعے متعلقہ ایریاز کے صارفین کو پانی کی فراہمی کا عمل شروع نہیں ہو سکا ہے۔گزشتہ روز اس حوالے سے وائس پریذیڈنٹ راجہ عرفان امتیاز اور ممبر چوہدری افتخار نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانی کی موجودہ بحرانی کیفیت میں واسا کو فوری طور پر گلستان کالونی لین ون ، سرور پارک اور ہارلے سٹریٹ میں لگائے جانے والے ٹیوب ویل چکلالہ کینٹ بورڈ کے حوالے کردینے چاہئیں۔